آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بچہ کوئی ’پپی‘ یا 'پلہ‘ نہیں ہوتا: میرا راجپوت
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
کئی بار ہم کسی موضوع پر رائے دیتے ہوئے یہ بھول جاتے ہیں یا اس بات کا احساس ہی نہیں کرتے کہ ہم جس بات کو غلط یا نامناسب سمجھتے ہیں وہی بات کسی دوسرے کے لیے مناسب یا صحیح ہو سکتی ہے۔
ایسا ہی کچھ شاہد کپور کی اہلیہ میرا راجپوت کے ساتھ بھی ہوا۔ پچھلے ہفتے ’یوم خواتین‘ کے موقع پر انھوں نے کام نہ کرنے کے اپنے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کافی کچھ کہہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچہ کوئی 'پپی' یا 'پلہ' نہیں ہوتا جس کے ساتھ ہم دن کا ایک گھنٹہ گزار کر کام پر چل پڑیں۔
میرا کے مطابق وہ اپنا زیادہ تر وقت اپنی بیٹی میشا کے ساتھ گزارنا چاہتی ہیں۔ یہ بات میرا کے لیے مناسب ہے لیکن بہت سی ورکنگ مدرز یعنی کام کرنے والی عورتوں کو میرا کی یہ بات سخت ناگوار گزری جو اپنے کام اور گھر کی ذمہ داریوں کو ایک ساتھ بخوبی نبھانے کی کوشش کرتی ہیں اور کچھ عورتوں کے لیے کام وقت گزارنے یا شوق کا سبب نہیں ہوتا اور جنھیں میرا کی طرح تمام آسائشیں بھی میسر نہیں ہیں یا پھر وہ خواتین کام جن کے لیے ایک مشن یا مقصد ہوتا ہے تاکہ ان کے بچوں کی بہتر پرورش اور تعلیم ہو سکے۔
میرا کے اس بیان پر شدید تنقید کے بعد شاہد کپور نے ان کا دفاع کرنے کی بھر پور کوشش کی۔ شاہد کا کہنا تھا کہ یہ میرا کی ذاتی رائے تھی اور ان کا مقصد کسی خاص طبقے یا شخص کی توہین کرنا نہیں تھا۔ جس طرح میرا کام نہیں کرنا چاہتیں اسی طرح شاہد کی سابق گرل فرینڈ کرینہ کپور اپنے بیٹے تیمور کی پیدائش کے چند ماہ بعد ہی کام پر نکل پڑیں۔ اب میرا کا اشارہ کس کی جانب تھا یہ تو پتہ نہیں لیکن بچے کے بعد کام کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہر عورت کے اپنے خود کے نظریے اور حالات پر منحصر کرتا ہے۔
فلم سازوں کی پہلی پسند نہیں
اداکارہ تاپسی پنوں کا کہنا ہے کہ امیتابھ بچن کے ساتھ فلم پِنک اور اکشے کے ساتھ فلم 'بیبی' کی کامیابی کے باوجود وہ فلمسازوں کی پہلی پسند نہیں ہوتیں۔
تاپسی پنوں کی فلم 'نام شبانہ' ریلیز ہونے والی ہے اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ ایوارڈز اور باکس آفس پر فلموں کی کامیابی کے باوجود ان کی زندگی نہیں بدلی اور 'اے لِسٹ' کی ہیروئنوں میں اب تک ان کا شمار نہیں ہوتا۔ تاپسی نے سنہ 2013 میں ڈیوڈ دھون کی فلم 'چشمِ بدور' سے انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔
تاپسی کا کہنا تھا کہ انھیں آج بھی انتظار کرایا جاتا ہے لوگ انھیں کسی نئے پراجیکٹ میں لینے سے پہلے ان کی فلم 'نام شبانہ' کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں۔
تاپسی واقعی ایک ٹیلنٹڈ اداکارہ ہیں لیکن ساتھ ہی انھیں یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ اس وقت جو ہیروئنیں 'اے لسٹ' میں شامل کی جاتی ہیں انھیں اس کے لیے کافی محنت اور انتظار کرنا پڑا ہے۔ اب چاہے وہ پرینکا ہوں یا دپیکا پاڈوکون، محض دو تین فلمیں آپ کی کامیابی کی ضمانت کیسے ہو سکتی ہیں؟
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کنگنا کا 'پینڈورا باکس'
کنگنا رناوت نے بالی وڈ میں اقربا پروری کا ذکر کر کے ایک طرح سے 'پینڈورا باکس' کھول دیا ہے۔ تو پھر کیا تھا ہر کسی نے اس کے حق یا خلاف بیان دینے شروع کر دیے۔
اب چونکہ بات کرن جوہر کی تھی زیادہ تر لوگوں نے کنگنا کی بات سے اتفاق نہیں کیا۔ تاہم یہ بات کافی حد تک درست ہے کہ اقربا پروری آپ کو انڈسٹری میں پہلا موقع تو فراہم کرواسکتی ہے لیکن کامیابی صرف آپ کی اہلیت پر ہی منحصر ہوتی ہے۔ لیکن بالی وڈ میں دوستیاں اور گروپ بندی سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔
انوشکا شرما کا کہنا ہے کہ وہ فلم انڈسٹری سے نہیں آئی ہیں پھر بھی انھیں اس طرح کے رویے کا سامنا نہیں ہوا لیکن انل کپور کی صاحبزادی اور بونی کپور کی بھتیجی سونم کپور کس منہ سے کرن جوہر کے دفاع میں نکل پڑیں جن کو ان کی اپنی بہن ریہا کپور نے فلم 'عائشہ' اور 'خوبصورت' سے ان کے کریئر کو آگے بڑھایا۔
اس لیے یہاں یہ کہنا درست ہوگا کہ ہر اداکار کے کریئر کا سفر دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔