امریکی پاپ سٹار بیونسے کے ہاں ’جڑواں بچوں کی پیدائش‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی میڈیا کے مطابق پاپ سٹار بیونسے اور ریپر جے زی کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے تاہم اس جوڑے نے اب تک خود اس خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔
انٹرٹینمنٹ ویکلی، یو ایس ویکلی اور پیپل میگزین نے اس خبر کی تصدیق کی ہے تاہم بچوں کی تاریخِ پیدائش اور جنس کے بارے میں ابھی عوامی سطح پر کچھ بھی نہیں بتایا گیا۔
بیونسے نے جو ریپر جے زی کی اہلیہ ہیں، رواں ماہ فروری میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ایک تصویر اپ لوڈ کر کے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ امید سے ہیں۔
ان کی پہلے سے ایک پانچ سالہ بیٹی بلیو آئیوی بھی ہیں۔
اس جوڑے نے خود تاحال اپنے بچوں کی پیدائش کا اعلان نہیں کیا۔
بیونسے کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں انھیں تیراکی کرتے ہوئے اور پھولوں سے سجے بستر پر آرام کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
بیونسے کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کی افواہیں اس وقت سامنے آئیں جب لاس اینجلس ہسپتال میں جمعے کو ایک خاتون کی تصویر سامنے آئی جس کے ہاتھ میں موجود کارڈ پر لکھا تھا 'بی پلس جے'
بیونسے جن کی البم 'لیمونیڈ' گذشتہ برس دنیا بھر میں سب سے زیادہ بکنے والی البم رہی گریمی ایوارڈ میں سب سے زیادہ مرتبہ نامزد ہونے والی گلوکارہ ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ اپریل میں کیلیفورنیا کے کوکیلا میوزک فیسٹول کے حوالے سے بھی شہ سرخیوں میں رہیں تاہم ڈاکٹر کے مشورے پر انھوں نے اس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ چند ہی روز قبل جارج کلونی ان کی اہلیہ امل کے ہاں بھی جڑاوں بچوں ایلکس اور الیکزینڈر کی پیدائش ہوئی ہے۔









