ڈونلڈ ٹرمپ کی سربریدہ تصویر پوسٹ کرنے پر خاتون کامیڈین سی این این کے شو سے خارج

،تصویر کا ذریعہCNN
امریکی ٹی وی چینل سی این این نے اپنی ایک خاتون کامیڈیئن کو ڈونلڈ ٹرمپ کی سربریدہ تصویر پوسٹ کرنے پر سال نو کی مناسبت سے اپنے پروگرام 'نیو ایئر' سے نکال دیا ہے۔
چینل نے اس سے متعلق اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا: 'سی این این نے سال نو کی مناسبت سے اپنے پروگرام نیو ایئر کے تعلق سے کیتھی گرفن کے ساتھ اپنے معاہدے کو ختم کر دیا ہے۔'
گرفن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت ترین ناقد رہی ہیں۔ انھوں نے مسٹر ٹرمپ سے متعلق مذکورہ تصویر کو منگل کے روز ایک ٹویٹ میں پوسٹ کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہTYLER SHIELD
اس تصویر پر لوگوں نے جب غم و غصے کا اظہار کیا تو کیتھی گرفن نے معذرت پیش کی اور کہا کہ یہ واضح ہو چکا ہے کہ ہر ایک اس تصویر کو بطور طنز پسند نہیں کر رہا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تصویر پر سخت ناراضگی ظاہر کی اور کہا: 'کیتھی گرفن کو اپنے آپ پر شرم آنی چاہیے۔ میرے بچے، خاص طور پر میرے 11 سالہ بیٹے بیرن کو اس تصویر سے شدید تکلیف پہنچی ہے۔'
کیتھی گرفن نے اس کے لیے معذرت کے طور پر ایک ویڈیو بھی ٹویٹر پر پوسٹ کیا جس میں انھوں نے 'معافی طلب کی اور کہا کہ میں نے ایک حد پار کی۔'
ان کا کہنا تھا:' تصویر کافی تکلیف دہ ہے۔ میں سمجھ سکتی ہوں اس سے لوگ کیسے متاثر ہورہے ہیں۔ یہ مزاحیہ نہیں ہے، میں سمجھ گئی ہوں۔ میں آپ سے معافی کی طلب گار ہوں۔'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
56 سالہ ایمی ایوارڈ یافتہ گرفن نے کہا کہ انھوں نے فوٹوگرافر ٹیلر شییلڈز سے انٹرنیٹ پر تمام ایسی تصویروں کو ڈیلیٹ کرنے کو کہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لرزہ خیز کرنے والی اس تصویر کے تعلق سے، ہلیری کلنٹن کی بیٹی چیلسی کلنٹن سمیت، کئی نامور شخصیات نے آن لائن پر زبردست نکتہ چینی کی۔
چیلسی نے ٹویٹ کیا:'صدر کے قتل سے متعلق کوئی بھی مذاق کبھی بھی طنز کے زمرے میں نہیں آتا۔'
این بی سی نیوز کے مطابق ٹرمپ کی اہلیہ ملینیا نے کہا کہ ' میں اس شخص کی ذہن صحت کے بارے میں سوچ رہی ہوں جس نے بھی ایسا کیا ہے۔'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ کی کئی دیگر سماجی اور سیاسی شخصیات نے بھی اس تصویر کے خلاف آواز اٹھائی اور کہا ہے کہ نکتہ چینی کرنے کی بھی ایک حد ہوتی ہے اور کسی کو بھی اس حد کو پار نہیں کرنا چاہیے۔
گرفن کے کے ساتھی ٹی وی میزبان اینڈرسن کوپر نے بھی اس تصویر کے تعلق سے ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ یہ کسی بھی حال میں نا قابل قبول ہے۔
کیتھی گرفن کو جب احساس ہوا کہ ان کی تصویر پر شدید نکتہ چینی ہورہی ہے اور سبھی لوگ اس کو پسند نہیں کر رہے ہیں تو انھوں نے پھر ٹویٹ کیا اور کہا واضح طور پر وہ کسی بھی طرح کسی بھی جانب سے تشدد کی حمایت نہیں کرتی ہیں۔
انھوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: 'میں صرف مذاق بنانے والے سربراہ کا مذاق اڑا رہی ہوں بس۔'











