’ٹرمپ کی قانونی حیثیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہو رہی ہے‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
وائٹ ہاؤس کے چیف آف سٹاف رینس پریبس نے چند امریکی میڈیا ہاؤسز پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کی قانونی حیثیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے چیف آف سٹاف کی جانب سے یہ الزامات ایسے وقت لگائے گئے ہیں جب میڈیا نے صدر ٹرمپ کی جانب سے حلف برداری کی تقریب میں کم لوگ آنے کے حوالے سے کہا کہ میڈیا غلط بیانی کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔
صدر کے بیان کے جواب میں میڈیا نے ان تصاویر کا تذکرہ کیا جو فضا سے لی گئی ہیں جن میں صاف ظاہر ہے کہ 2009 میں براک اوباما کی تقریب میں کہیں زیادہ لوگ تھے۔
تاہم صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں کم از کم دس لاکھ افراد نے تقریب میں شرکت کی۔
صدر کے پریس سیکریٹری شون سپائسر کا کہنا ہے کہ تاریخ میں سب سے بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چند تصاویر میں جان بوجھ کر زاویہ ایسا رکھا گیا ہے کہ لوگوں کی تعداد کم لگے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا پر غلط رپورٹنگ کا الزام لگایا تھا۔ انھوں نے یہ الزام اپنے افتتاحی پروگرام کے دوران شریک ہونے والے لوگوں کی تعداد کے حوالے سے لگایا۔
انھوں نے کہا کہ تصاویری شواہد کے برخلاف جب وہ امریکی کیپیٹل ہل سے خطاب کر رہے تھے تو بھیڑ واشنگٹن کی یادگار عمارت تک پہنچ چکی تھی۔
دوسری جانب سنیچر کو لاکھوں افراد نے امریکہ اور دنیا بھر میں مسٹر ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔
مسٹر ٹرمپ نے ورجینیا کے لینگلی میں سی آئي اے کے ساتھ رشتہ استوار کرنے کے لیے دورہ کیا جہاں انھوں نے اپنے خلاف مظاہروں کا ذکر نہ کرتے ہوئے میڈیا کو نشانہ بنایا۔
انھوں نے انٹیلیجنس برادری اور اپنے درمیان تنازع پیدا کرنے کے لیے میڈیا پر الزام لگایا اور نامہ نگاروں کو ’روئے زمین پر موجود سب سے زیادہ بے ایمان افراد میں سے ایک‘ کہا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
انھوں نے کہا ٹی وی فوٹیج اور تصاویر میں ان کے افتتاح کی غلط تصویر پیش کی گئی ہے۔
انھوں نے میڈیا کی جانب سے اس موقعے پر ڈھائی لاکھ افراد کی موجودگی کی رپورٹنگ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمعے کو وہاں تقریبا ساڑھے سات لاکھ افراد تھے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھیڑ واشنگٹن کی یادگار عمارت تک پہنچ چکی تھی لیکن اس دن کے فضائی نظارے سے ان کے اس دعوے کی تردید ہوتی ہے۔
بعد میں وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرریٹری شان سپائسر نے میڈیا کے نمائندوں کو تقریب کے دوران وسیع خالی سیٹیں دکھانے کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا۔

،تصویر کا ذریعہReuters










