شاہ رخ خان کا مزاح اور مادھوری کی پریشانی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
بالی وڈ کے سپرسٹار کہے جانے والے اداکار شاہ رخ خان نے رواں ہفتے مشہور ٹیڈ ٹاک میں اپنے لیکچر کے دوران خاصی دلچسپ باتیں کیں۔ انھوں نے محبت اور انسانیت پر اپنے خیالات کا اظہار کچھ اس انداز میں کیا کہ لوگ محظوظ ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ اس کے لیے انھوں نے اپنی زندگی کے واقعات کا بخوبی استعمال کیا۔
کینیڈا کے وینكوور كنوینشن سینٹر میں شاہ رخ نے کہا: 'میں 51 سال کا فلمی سٹار ہوں اور میں ابھی تک 'بوٹوکس' استعمال نہیں کرتا لیکن جیسا آپ نے دیکھا ہے، میں اپنی فلموں میں 21 سال کے لڑکے کی طرح برتاؤ کرتا ہوں۔'
انھوں نے کہا: 'میں خواب بیچتا ہوں جس سے مجھے انڈیا کے لاکھوں لوگوں کا پیار ملتا ہے اور انھوں نے مان لیا ہے کہ میں دنیا کا بہترین عاشق ہوں جبکہ اصل زندگی میں میں ایسا نہیں ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
شاہ رخ نے اپنے والد کی موت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: 'جب میرے والد کی موت ہوئی، میں 14 سال کا تھا۔ میں نے ان کی لاش گاڑی کی پچھلی سیٹ پر رکھی ماں میرے ساتھ تھیں اور میں گاڑی چلا کر ہسپتال سے واپس آنے لگا روتے ہوئے میری ماں نے میری طرف دیکھا اور کہا کہ تم نے گاڑی چلانا کب سیکھا۔ میں نے کہا، بس ابھی ابھی، اس رات کے بعد سے میں نے دنیا میں سروائیو کرنے کےطریقے سیکھے۔'
'چار سال قبل میری بیوی اور میں نے فیصلہ کیا کہ ہمیں تیسرا بچہ چاہیے۔ ہم نے سیروگیسی کے ذریعے اولاد پیدا کی۔ انٹرنیٹ پر دعویٰ کیا گیا کہ وہ ہمارا نہیں بلکہ ہمارے 15 سال کے بیٹے آرین کا بیٹا تھا جو اس کی رومینین گرل فرینڈ سے پیدا ہوا ہے اور ہاں، اس کے ساتھ ایک فرضی ویڈیو بھی تھی۔ ہمیں اس افواہ پر بہت افسوس ہوا۔'
شاہ رخ نے مذاق ہی مذاق میں جن واقعات کی جانب اشارہ کیا وہ ان کی زندگی کے اہم واقعات رہے ہیں۔ کسی بھی انسان کی زندگی میں اس کے والدین اور اولاد سب سے اہم ہوتے ہیں چاہے وہ ایک عام انسان ہو یا کوئی بڑی شخصیت۔ احسا س اور جذبات سبھی کو ایک ہی طرح متاثر کرتے ہیں۔
مادھوری کی پریشانی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم کی شوٹنگ اور اس ساتھ اس سے متعلق خبریں سوشل میڈیا میں گردش کر رہی ہیں۔ فلم میں سنجے دت کا کردار رنبیر کپور نبھا رہے ہیں۔
فلم میں سنجے دت کے فلمی کریئر کے ساتھ ان کی زندگی میں آنے والے اتار چڑھاؤ، افیئرز، جذبات اور احساسات کی بھی جھلک ہوگی۔ فلم میں دیا مرزا اور سونم کپور تو ہیں ہی اداکارہ منیشا کوئرالہ سنجے کی ماں نرگس کا کردار نبھا رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
میڈیا میں جب بھی اس فلم کا ذکر ہوتا ہے تو مادھوری ڈکشٹ کا نام خود بخود سامنے آ جاتا ہے۔ ایک زمانے میں سنجے اور مادھوری کے عشق کے چرچے تھے۔
اب اگر سنجے کی زندگی کے ہر پہلو پر بات ہوگی تو بہت دور تک جائے گی۔ ایسی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں کہ مادھوری نے اس بارے میں فلم کے ڈائریکٹر راجو ہیرانی سے بات کر کے درخواست کی ہے کہ فلم میں ان کا حوالہ نہ دیا جائے۔
لیکن چند روز پہلے مادھوری نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ماضی کو پیچھے چھوڑ کر بہت آگے نکل آئی ہیں اور زندگی کے اس موڑ پر ان کے ماضی کا یہ پہلو بے معنی ہو چکا ہے اور اب انھیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ مادھوری شاید بھول رہی ہیں کہ ماضی شاید بھلایا جا سکتا ہو لیکن مٹایا نہیں جا سکتا۔
رنبیر کی شادی پر چچا کا اظہار خیال

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بالی وڈ کے سب سے پسندیدہ کنوارے رنبیر کپور شادی تو کرنا چاہتے ہیں لیکن کس سے یہ سوال میڈیا اور ان کے فینز کے لیے سوالیہ نشان بن چکا ہے۔
اب خبریں ہیں کہ رنبیر شادی کے لیے اچھے بچوں کی طرح اپنی ممی کے ساتھ یہاں لندن لڑکی دیکھنے آئے تھے۔ غالباً لڑکی فلمی دنیا سے نہیں ہے۔
اور سنا ہے کہ ان کی ممی نیتو کپور بھی یہی چاہتی ہیں کہ ان کے بیٹے کی دلہن بالی وڈ سے نہ ہو۔ ویسے ممی کا کوئی قصور نہیں ہے دو بار کے تجربے کے بعد ان کا یہ فیصلہ شاید ان کے بیٹے کو بھی قبول ہو۔
جب صحافیوں نے رنبیر کے تایا رندھیر کپور سے رنبیر کی شادی کے بارے میں سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ بھائی ابھی لڑکے کا اچھا ٹائم چل رہا ہے فلمیں، پیسہ اور سکون سبھی کچھ ہے زندگی مزے میں چل رہی ہے اتنی جلدی شادی کرکے اسے برباد کیوں کرے۔
رنبیر کا تو پتہ نہیں لیکن تایا جی، جو اداکارہ ببیتا کے شوہر ہیں، اپنی زندگی کے تجربے سے خاصے نالاں نظر آتے ہیں۔







