طلاق کے بعد بریڈ پِٹ ’دیو داس‘ بن گئے

بریڈ پٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشناینجلینا جولی نے ستمبر 2016 میں اعلان کیا تھا کہ وہ بریڈ پٹ سے طلاق لے رہی ہیں

ہالی وڈ اداکار بریڈ پٹ نے کہا ہے کہ انجلینا جولی سے طلاق کے بعد وہ جذباتی طور پر اتنی بری طرح ٹوٹ گئے تھے کہ انھیں علاج کروانا پڑا۔

بریڈ پٹ نے اعتراف کیا کہ وہ علیحدگی کے بعد بہت زیادہ شراب پینے لگے تھے لیکن اب انھوں نے شراب چھوڑ دی ہے۔

سٹائل میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے پہلی بار اینجلینا جولی سے اپنی علیحدگی کے بارے میں بات کی ہے۔

انھوں نے کہا: ’میں نے اپنا ذہنی علاج کروانا شروع کر دیا ہے۔ میں اب بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ جولی سے الگ ہونے کے بعد میں باقی لوگوں سے بالکل کٹ گیا تھا، لیکن اب جذبات پر بہتر طریقے سے قابو کر سکتا ہوں۔‘

اینجلینا جولی نے ستمبر 2016 میں اعلان کیا تھا کہ وہ بریڈ پٹ سے طلاق لے رہی ہیں۔ دونوں 2004 سے ساتھ رہ رہے تھے اور 2014 میں انھوں نے شادی کر لی تھی۔

بریڈ پٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبریڈ پٹ کے مطابق فلمیں اب ان کے لیے زیادہ اہم نہیں رہیں

علیحدگی کے بعد بچوں کی کفالت پر دونوں کے درمیان سخت قانونی لڑائی بھی جاری رہی اور اس دوران بریڈ پٹ پر بچوں سے برے برتاؤ کے الزامات بھی لگے۔

بریڈ پٹ نے بتایا کہ اینجلینا سے الگ ہونے کے بعد انھوں نے مصروف رہنے کے لیے آرٹ کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے اور مٹی، پلاسٹر، ربڑ اور لکڑی کی پینٹنگ بنانے لگے ہیں۔

بریڈ پٹ کے مطابق فلمیں اب ان کے لیے زیادہ اہم نہیں رہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ باپ بننے کے بعد انھوں نے فلموں پر توجہ دینا ویسے ہی کم کر دیا تھا۔