بریڈ پٹ کو طلاق کی درخواست پر ’افسوس‘

،تصویر کا ذریعہPA
ہالی وڈ کے مشہور اداکار بریڈ پٹ کا کہنا ہے کہ انھیں ’بہت افسوس‘ ہے کہ ان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ اینجلینا جولی نے ان سے طلاق کی درخواست دی ہے۔
بریڈ پٹ نے اپنے بچوں کی جانب سے پرائویسی یعنی ان کی نجی زندگی میں عدم مداخلت کی درخواست کی ہے۔
انھوں نے انٹرٹینمنٹ کے رسالے ’پیپل میگزین‘ سے کہا کہ ’مجھے بہت افسوس ہے کہ یہ سب ہوا، لیکن اس وقت ہمارے بچوں کی صحت سب سے ضروری ہے۔‘
’میں پریس سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ہمارے بچوں کو اس مشکل وقت میں ان کی نجی زندگی میں بے جا مداخلت سے گریز کرے‘۔
پیر کو 41 سالہ اینجلینا جولی کے 52 سالہ پٹ سے ’نہ ختم ہونے والے اختلافات‘ کی بنیاد پر طلاق کی درخواست دی تھی۔

،تصویر کا ذریعہuniversal pictures
ان کے وکیل رابرٹ آفر کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ’خاندان کی صحت کی خاطر‘ کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق جولی نے چھ بچوں کی تحویل کی درخواست کی ہے اور جج سے کہا ہے کہ وہ بریڈ پٹ کو بچوں سے ملنے کی اجازت دیں۔
جولی اور پٹ کی علیحدگی پر بہت قیاس آرائی کی جا رہی ہے۔ ایک اخبار کے مطابق جولی ’بریڈ پٹ کی پدرانہ صلاحیتوں سے پریشان‘ تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جولی کے طویل عرصے کے مینیجر گیزر کوسنسکی نے ویب سائٹ ’ای آن لائن‘ سے کہا ’اینجلینا ہمیشہ وہ قدم اٹھائیں گی جو ان کے خاندان کی بہتری اور صحت کے لیے سب سے مناسب ہوگا۔‘

،تصویر کا ذریعہmadame tassauds
ان کے درمیان اب مشہور فلم ’ٹوائلائٹ‘ کے اداکار رابرٹ پیٹنسن کے مومی مجسمے کو رکھ دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اینجلینا جولی اور بریڈ پِٹ سنہ 2004 سے ایک ساتھ رہے تھے، تاہم انھوں نے شادی خاصے عرصے بعد اگست 2014 میں کی تھی۔
اینجلینا جولی اور بریڈ پِٹ کی جوڑی کو ، جسے ان کے مداح پیار سے ’برینجلینا‘ بھی کہتے ہیں، ہالی وڈ کی مشہور ترین جوڑی سمجھا جاتا ہے۔
ان دونوں کی پہلی ملاقات سنہ 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مسٹر اینڈ مسز سمتھ‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی اور اس کے بعد دونوں اکھٹا رہنے لگ گئے تھے۔
یہ بریڈ پٹ کی دوسری شادی تھی۔ اس سے پہلے ان کی شادی مشہور پروگرام ’فرینڈز‘ میں کام کرنے والی اداکارہ جینیفر اینسٹن سے ہوئی تھی۔
بریڈ پٹ کے ساتھ شادی سے قبل اینجلینا جولی دو مرتبہ شادی کر چکی ہیں۔
اینجلینا جولی کے والد جان وائٹ نے بھی یہ کہتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ جوڑی کی علیحدگی کی وجہ ’ضرور بہت سنگین ہوگی۔‘







