لکس ایوارڈز: ایکٹر ان لا اور اڈاری سب سے آگے

،تصویر کا ذریعہFaisal Farooqui
- مصنف, حسن کاظمی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
کراچی میں ہونے والے 16ویں لکس سٹائل ایوارڈز میں ’ایکٹر ان لا‘ چار ایوارڈز جیت کر سب سے آگے رہی۔
ان ایوارڈز میں اس مرتبہ بالی وڈ کے تین ستارے نامزد تھے جن میں فلم ایکٹر ان لاء کے لیے اوم پوری اور فلم جانان کے ٹائیٹل ٹریک کے لیے شریا گوشل اور ارمان ملک بہترین گلوکاروں کی کیٹیگری میں نامزد تھے۔
تاہم جیسے فلم فیئر میں نامزد پاکستان فنکاروں کو ایوارڈ نہیں مِل سکا، پاکستان میں بھی بھارتی فنکاروں کو ایوارڈ نہیں ملا۔
16ویں لکس سٹائل ایوارڈز میں گلوکارہ ٹینا ثانی، اور سٹائلسٹ طارق امین کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقعے پر ہال میں موجود تمام افراد نے کھڑے ہو کر ان کے احترام میں تالیاں بجائیں۔
فلم کے شعبے میں گزشتہ سال کی سب سے کامیاب فلم ایکٹر ان لا نے چار ایوارڈز اپنے نام کیے جن میں بہترین فلم، بہترین اداکار (فہد مصطفیٰ)، بہترین ہدایتکار (نبیل قریشی) اور بہترین گلوکار عاطف اسلم شامل ہیں۔
ماہرہ خان نے اس سال بھی فلم 'ہو من جہاں' کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت لیا جبکہ اسی فلم کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ 'ہو من جہاں' کے لیے شہریار منور کے حصے میں آیا۔

،تصویر کا ذریعہFaisal Farooqui
یہ ایوارڈ اس لحاظ سے متنازع ہے کہ شہریار منور کا اس فلم میں مرکزی کردار تھا تاہم انہیں معاون اداکار کے لیے نامزد کیا گیا، اگرچہ شہریار نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے یہ کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ وہ کیوں اس شعبے میں نامزد کیے گئے۔ تاہم انھوں نے یہ ایوارڈ تسلیم کرلیا۔
بہترین معاون اداکار کے شعبے ہی میں بالی وڈ کے اوم پوری فلم ایکٹر ان لا کے لیے نامزد تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ فلم 'دوبارہ پھر سے‘ کے لیے صنم سعید نے اپنے نام کیا جبکہ فلم 'لاہور سے آگے' کے گانے قلاباز دل پر آئمہ بیگ کو بہترین گلوکارہ قرار دیا گیا۔
اگر ٹیلی ویژن کی بات کی جائے تو گزشتہ برس کے متنازع ڈرامے 'اڈاری' نے تین ایوارڈ جیت لیے۔
بہترین ہدایتکار احتشام الدین ’اڈاری‘ کے لیے قرار پائے جبکہ اسی ڈارمے کی مصنفہ فرحت اشتیاق کو بہترین لکھاری کا ایوارڈ بھی ملا۔
اڈاری میں منفی مگر مؤثر کردار ادا کرنے والے احسن خان کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان میں کسی منفی کردار پر بہترین اداکاری کا ایوارڈ دیا گیا ہو۔

،تصویر کا ذریعہFaisal Farooqui
اس موقع پر احسن خان نے کہا کہ یہ ڈرامہ معاشرے کی مجموعی فلاح کے لیے تھا کیونکہ معاشرے کو اخلاقی تعلیم کی ضرورت ہے تاکہ مشال خان جیسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
ٹی وی کے شعبے ہی میں اے آر وائی کے ڈرامے ’دل لگی‘ کو بہترین ڈرامہ قرار دیا گیا جبکہ بہترین ساؤنڈ ٹریک 'من مائل' کے لیے قرۃ العین بلوچ اور اسی ڈرامے کے لیے مایا علی کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس طرح ٹی وی کے شعبے میں ہم ٹی وی کے ڈراموں نے مجموعی طور پر پانچ ایوارڈز جیتے جبکہ ایک ایوارڈ اے آر وائی کے حصے میں آیا۔
موسیقی کے شعبے میں قرۃ العین بلوچ کے گانے ’سائیاں‘ کو بہترین گانا جبکہ زوئی وکاجی کے گانے ’ہوجاؤ آزاد‘ کی ویڈیو پر ہدایتکار کمال خان کو بہترین ویڈیو ہدایتکار کا ایوارڈ ملا۔ بہترین ابھرتا ہوا ٹیلنٹ حمزہ اکرم قوال 'خودی' پر قرار دیے گئے۔

،تصویر کا ذریعہFaisal Farooqui
سال کی بہترین البم کا اعزاز عزیر جسوال کے ’نہ بھلانا‘ کو دیا گیا۔
فیشن کیٹیگری میں سال کے بہترین ماڈلز کا ایوارڈ صدف کنول اور حسنین لہری کو دیا گیا، جبکہ بہترین ابھرتا ہوا ٹیلنٹ حرا شاہ کو قرار دیا گیا۔
دوسری جانب بہترین فوٹوگرافی شہباز شازی اور بہترین میک اپ کا ایوارڈ صائمہ راشد کو دیا گیا۔
فیشن کے دیگر شعبوں میں فیشن ڈیزاین (پریٹ) جینریشن ، فیشن ڈیزائن (لگژری پریٹ) شہلا چتور ، فیشن ڈیزائن (عروسی) فراز منان ، فیشن ڈیزائن (لان) ایلان اور مردوں کے بہترین ڈیزائنر کا ایوارڈ اسماعیل فرید کے نام رہا۔








