’جسٹن بیبر کے بہروپیے‘ پر بچوں کے جنسی استحصال کے سینکڑوں مقدمات

،تصویر کا ذریعہAP
آسٹریلیا میں خود کو انٹرنیٹ پر کینیڈا کے معروف گلوکار جسٹن بیبر بتانے والے شخص خلاف بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق نو سو سے زائد مقدمات درج ہوئے ہیں۔
کوئنز لینڈ کی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ 42 سالہ شخص بچوں کی قابلِ اعتراض تصویریں لینے کے لیے خود کو جسٹن بیبر بتاتا تھا۔
اس شخص پر ریپ سمیت 931 جرائم سے متعلق کیس درج ہوئے ہیں جس میں اس بہروپیے نے دنیا بھر کے تقریباً 157 افراد کو نشانہ بنایا ہے۔
پولیس نے ان جرائم کو ’خوفناک‘ قرار دیتے ہوئے جسٹن بیبر کے نوجوان مداحوں اور ان کے والدین کو ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس اہلکار جان روس کا کہنا تھا کہ ’اس واقعے کے بعد ہمارے معاشرے کو اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے بچوں کو آن لائن سیفٹی کے بارے میں کس قدر آگاہ کرتے ہیں کیونکہ اتنی بڑی تعداد میں بچوں نے کیسے یقین کر لیا کہ وہ جسٹن بیبر کے ساتھ آن لائن رابطے میں ہیں۔‘
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات میں بین الاقوامی سطح پر دیگر ممالک کے حکام کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAP
اس معاملے کے شکار لوگوں میں 50 امریکی، 20 برطانوی اور چھ آسٹریلوی شامل ہیں۔
اس شخص کو پہلے ہی قابلِ اعتراض تصاویر اور بچوں کو جنسی استحصال کے لیے تیار کرنے کے الزامات کا سامنا ہے اور رواں ہفتے اس شخص کے کمپیوٹر کے معائنے کے بعد پولیس نے مزید 931 معاملات درج کیے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ شخص فیس بک اور سکائپ سمیت دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے بچوں کے ساتھ رابطے میں تھا۔







