انٹرنیٹ پر ٹرول کرنے والے لوگ بزدل ہوتے ہیں: انوشکا شرما

،تصویر کا ذریعہCRISPY BOLLYWOOD
بالی وڈ کی اداکارہ انوشکا شرما کا سوشل نیٹ ورکنگ کی ویب سائٹوں پر تجربہ زیادہ اچھا نہیں رہا ہے۔
اپنے بوائے فرینڈ وراٹ کوہلی کے حوالے سے انوشکا اکثر لوگوں کے نشانے پر رہتی ہیں۔ انٹرنیٹ پر ٹرول کرنے والے لوگوں کو وہ بزدل بتاتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 'سوشل میڈیا کی سائٹوں پر جو لوگ کسی کو بھی ٹرول کرتے ہیں یا بھلا برا کہتے ہیں، میں انھیں بزدل کہوں گی کیونکہ جو سچے لوگ ہیں اور کام کر رہے ہیں ان کے پاس ان تمام چیزوں کے لیے وقت نہیں ہے۔ صرف فالتو لوگوں کے پاس ہی ایسی بکواس چیزوں کے لیے ٹائم ہوتا ہے۔'
حال ہی میں انوشکا کو یہ کہتے ہوئے ٹرول کیا گیا تھا کہ ان کی آنے والی فلم 'فلّوري' کو کرکٹ کھلاڑی وراٹ کوہلی پروڈیوسڈ کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
بعد میں اس سوال پر انوشکا نے اس کی وضاحت بھی پیش کی تھی۔
دوسری جانب 8 مارچ کو یوم خواتین کے موقعے پر وراٹ کوہلی نے اپنی دوست انوشکا شرما اور اپنی ماں کے لیے ایک خاص پیغام پوسٹ کیا۔
اپنی پوسٹ میں وراٹ نے دونوں کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا: 'یوم خواتین پر تمام خواتین کو نیک خواہشات، لیکن خصوصی طور پر میں اپنی زندگی کی دو سب سے مضبوط خواتین کو اس دن کی مبارک باد پیش کرنا چاہتا ہوں۔'

،تصویر کا ذریعہCRISPY BOLLYWOOD
انھوں نے کہا: 'میری ماں جنھوں نے انتہائی مشکل وقت میں بھی ہمارے خاندان کو سنبھالے رکھا اور دوسری انوشکا شرما جو تمام طرح کی رکاوٹوں سے لڑتی ہوئی سچائی کے لیے کھڑی ہیں اور پرانے رسم و رواج کو چیلنج کر رہی ہیں۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اپنی آنے والی فلم 'فلّوري' میں انوشکا شرما ایک بھوت کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
اپنے اس 'مختلف' کردار کے بارے میں انوشکا کہتی ہیں: 'میں سکرین پر انسان بنتے بنتے بور ہوچکی تھی۔ مجھے کچھ مختلف کرنا تھا۔ بھوت بن کر مجھے مزہ آیا۔ مجھے لگتا ہے میں نے بھوتوں کی اچھی طرح سے نمائندگی کی ہے۔'

،تصویر کا ذریعہCRISPY BOLLYWOOD
بطور پروڈیوسر انوشکا کی یہ دوسری فلم ہے۔
ایکٹنگ اور پروڈکشن میں سے وہ کیا کرنا زیادہ پسند کرتی ہیں؟ اس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انوشکا نے کہا: 'میں کہوں گی زیادہ ذمہ داریوں کے ساتھ میں اچھا پرفارم کر پاتی ہوں کیونکہ فلم کے ہر پہلو سے میں منسلک رہتی ہوں۔ ایسی صورت میں میں ایکٹنگ اور پروڈکشن دونوں انجوائے کرتی ہوں۔'
فلم 'فلّوري' میں انوشکا کے ساتھ سنگر اور اداکار دلجيت دوساجھ بھی نظر آئیں گے۔








