کنگنا کی شادی اور صبا قمر کی پریشانی!

امیتابھ بچن اور جیا بچن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسنہ 1973 میں امیتابھ بچن اور جیا بھادوری کی شادی ہوئی تھی
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

اس ہفتے بالی وڈ کی ایک پارٹی کافی حد تک گرما گرم گفتگو کا موضوع رہی اور یہ پارٹی تھی کرینہ اور کرشمہ کپور کے پاپا رندھیر کپور کی۔

بدھ کے روز ان دونوں بہنوں نے اپنے پاپا کی 70ویں سالگرہ کی خوشی میں ایک پارٹی کا اہتمام کیا تھا جس میں مخصوص مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ میڈیا میں ممبئی کے ایک تاجر سندیپ توشنیوال اور کرشمہ کے درمیان نزدیکیوں کی خبریں کافی عرصے سے گردش کر رہی ہیں۔ بحرحال سندیپ بھی اس پارٹی میں مدعو تھے اور اب قیاص آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ دونوں جلدی ہی اس رشتے کو کوئی نام دینے والے ہیں۔

اس پارٹی میں امیتابھ بچن اور ریکھا کی ایک ہی چھت کے نیچے موجودگی نے انڈین سیاست دان اور امیتابھ بچن کے سابق دوست امر سنگھ کے اس انکشاف کو ہوا دی کہ امیتابھ اور جیا بچن سالوں سے علیحدہ رہ رہے ہیں۔

یوں تو امیتابھ بچن ہمیشہ سے ہی ریکھا کی موجودگی اور اور ان سے متعلق سوالوں سے بچتے آئے ہیں لیکن اس پارٹی میں ریکھا اور ان کی کی ایک ساتھ شرکت نے کئی سوالوں کو جنم دے دیا ہے جن کا جواب شاید بگ بی کو دینا گوارہ نہ ہو۔

کنگنا کی شادی

کنگنا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنکنگنا راناوت کی فلم رنگون میں ان کے ساتھ سیف علی خان اور شاہد کپور اہم کردار ادا کر رہے ہیں

کنگنا رناوت بھی کمال کی اداکارہ ہیں وہ کب ایکٹنگ کرتی ہیں اور کب سچ بولتی ہیں پتہ ہی نہیں چلتا۔ ویسے ان کی زندگی بھی کسی مصالحے دار فلم سے کم نہیں جس میں رومانس ہے، بریک اپ ہے اور تو اور کلائمکس کے ساتھ ساتھ عدالت کا منظر بھی ہے۔

اب اگلے ہفتے کنگنا شاہد اور سیف کی فلم 'رنگون' رلیز ہو رہی ہے اور کنگنا فلم کی پروموشن کے دوران ہر روز نئے نئے انکشاف کر رہی ہیں۔

چند روز پہلے انھوں نے انکشاف کیا کہ وہ سنگل نہیں ہیں اور شادی بھی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کون 'خوش قسمت' ہے اور وہ یہ کارنامہ کب انجام دینے والی ہیں۔

کنگنا جب سے بالی وڈ میں آئی ہیں کئی اہم شخصیات کے ساتھ ان کا نام جوڑا گیا ہے جن میں آدتیہ پنچولی اور رتک روشن شامل ہیں۔ رتک کے ساتھ ان کی لڑائی تو قانونی نوک جھونک تک پہنچ گئی تھی۔

بحر حال کنگنا کا کہنا ہے کہ شادی کے لیے ان کی ایک ہی شرط ہے کہ ان کا شریکِ حیات بھی رشتے کو پوری ایمانداری سے بنھائے۔ کنگنا نے پروموشن کے دوران بہت اچھی اچھی باتیں کیں لیکن یہ نہیں بتایا کہ کیا یہ فلم کا پروموشن ہے یا پھر وہ واقعی سنجیدہ ہیں۔

صبا قمر کی پریشانی

صبا قمر

،تصویر کا ذریعہSABA QAMAR/FACEBOOK

،تصویر کا کیپشنصبا فلم ہندی میڈیم سے بالی وڈ میں اپنے کریئر کا آغاز کر رہی ہیں

پاکستانی اداکارہ صبا قمر یوں تو اس سال مئی میں فلم 'ہندی میڈیم' کے ساتھ ڈیبیو کرنے والی ہیں لیکن سوشل میڈیا پر ان کا ڈیبیو جس انداز میں ہوا اس کا اندازہ شاید انھیں بھی نہیں تھا۔

صبا نے کافی عرصے پہلے پاکستانی ٹی وی شو'گڈ مارننگ زندگی' میں شرکت کی تھی جس میں ان سے بالی وڈ کے کچھ ستاروں کا نام لیکر پوچھا گیا کہ اگر آپ کو ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے اور انھیں انکار کرنا ہو تو وہ کیا بہانہ بنائیں گی۔

اب بیچاری صبا نے مذاقاً سلمان خان کو چھچورا اور رتیش دیش مکھ کو اوسط اداکار کہتے ہوئے عمران ہاشمی کے ساتھ کام کرنے سے منھ کے کینسر کے خطرے کا بہانہ بنایا۔

بہرحال بات پرانی تھی اور وہ بھی مذاق کے طور پر کی گئی تھی لیکن اب کسی منچلے نے اسی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔ ویڈیو وائرل ہے اور صبا پریشان۔ صبا نے معذرت تو کر لی ہے لیکن شاید یہ سبق بھی سیکھا ہوگا کہ 'پہلے تولو پھر بولو' کیونکہ کون کب کہاں کس روپ میں سامنے آجائے کون جانتا ہے!