امل اور جارج کلونی کے ہاں ’جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع‘

،تصویر کا ذریعہAFP
امریکی میڈیا کے مطابق انسانی حقوق کی نمایاں وکیل امل کلونی اور ان کے ایوارڈ یافتہ اداکار شوہر جارج کلونی کے ہاں ’جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع‘ ہے۔
سی بی ایس کے ایک میزبان کے مطابق جڑواں بچوں کی پیدائش جون میں ہوگی۔
اس جوڑے کے ایک اور قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ ’بہت خوش ہیں۔‘ تاہم جارج کلونی اور امل کلونی کی جانب سے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
امل اور جان کلونی کی شادی سنہ 2014 میں وینس میں ہوئی تھی جس میں میں ڈیمن اور بل مرے سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی تھی۔
گذشتہ ماہ اس حوالے سے افواہیں گردش کرنا شروع ہوگئی تھی جب امل کلونی کو ڈھیلے ڈھالے لباس میں دیکھا گیا تھا۔
55 سالہ جارج کلونی نے نئی کامیاب ہالی وڈ فلموں میں کام کیا ہے اور دو مرتبہ اکیڈمی ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
39 سالہ امل کلونی کئی معروف مقدمات کی وکالت کر چکی ہیں جن میں یوکرینی وزیراعظم یولیا تموشنکو اور وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کے مقدمات بھی شامل ہیں۔




