میری نجی زندگی کو کلکس کے لیے بیچنا بند کریں: مومنہ مستحسن

پاکستان کی نوجوان گلوکارہ مومنہ مستحسن نے اپنی منگنی ٹوٹنے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر کہا ہے کہ ان کی نجی زندگی میں مداخلت کر کے شہرت نہ کمائی جائے۔
مومنہ مستحسن نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ بھی کسی عام انسان کی طرح یہ حق رکھتی ہیں کہ ان کی نجی زندگی صرف ان تک محدود رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے نجی معاملات کو مذاق اور تفریح کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ان کی منگنی ٹوٹ جانے کی خبر گردش کر رہی تھی۔
مومنہ نے کہا کہ کوئی بھی خبر وہ خود سنا دیں گی لیکن اندازوں پر مبنی خبریں نہ چلائی جائیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ چاہیں گی کہ افواہوں پر مبنی ایسے تمام احمقانہ آرٹیکلز ہٹا لیے جائیں اور ان کی نجی زندگی کو کلکس کے لیے نہ بیچا جائے۔

،تصویر کا ذریعہTWITTER
24 سالہ مومنہ نے ویسے تو انجینیئرنگ اور ریاضی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے مگر کوک اسٹوڈیو کے حالیہ سیزن نے انھیں راتوں رات مشہور کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ نومبر میں بی بی سی اردو کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں مومنہ نے میڈیا سے کسیی حد تک نالاں رہنے کے بارے میں کہا تھا کہ 'یہ سب شہرت کا حصہ ہے۔ جہاں اتنے لوگ آپ کو سراہتے ہیں وہی بعض ہراساں کرنے سے باز نہیں آتے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کے بقول بالی وڈ کے لیے گائیکی کرنے کے باوجود یہی وہ ڈر تھا جس نے مومنہ کو کئی برس تک کیمرے کے سامنے آنے سے روکے رکھا۔







