امیتابھ بچّن نے فلم 'امر اکبر انتھونی' پر کہا تھا پاگل ہوگئے ہو کیا؟

،تصویر کا ذریعہMANMOHAN DESAI
بالی وڈ کے معروف فلم ہدایت کار منموہن دیسائی جب اداکار امیتابھ بچن کے پاس فلم ’امر اکبر انتھونی‘ کی تجویز لے کر گئے تھے تو امیتابھ نے ان سے کہا: ’تم پاگل ہو گئے ہو؟‘
’ونس اپان اے ٹائم ان انڈیا۔۔ اے سنچری آف انڈین سنیما‘ نامی کتاب کے اجرا کے موقع پر امیتابھ بچّن نے اپنے اور منموہن دیسائی کے متعلق اس طرح کی کچھ دلچسپ باتیں بتائیں۔
امیتابھ بچّن نے بتایا: ’جب منموہن دیسائی میرے پاس آئے اور بولے کہ میں ’امر اکبر انتھونی‘ بنانا چاہتا ہوں تو میں نے ان سے پوچھا جس زمانے میں ’چھوٹی بہو‘، ’بڑی بہن‘ جیسی فلمیں بن رہی ہیں آپ یہ لے آئے۔ ایسی فلمیں کون دیکھے گا؟‘
امیتابھ نے مزید کہا کہ ’اس فلم کا پہلا سین شوٹ ہو رہا تھا جس میں تین بھائی ایک ساتھ ایک خاتون کو خون دے رہے تھے۔ یہ دیکھ کر میں نے کہا کہ میڈیکل کی تاریخ میں یہ تو ابھی تک نہیں ہوا ہوگا، تو مجھے منموہن نے گالی دی اور کہا تم دیکھنا۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
امیتابھ بتاتے ہیں کہ فلم کی ریلیز کے بعد جب وہ سین لوگوں نے دیکھا تو خوب تالیاں بجيں اور ’یہ ثابت ہوا کہ فلموں سے متعلق میری معلومات اتنی اچھی نہیں ہیں۔‘
اس موقع پر امیتابھ نے فلموں میں اپنے سفر کے متعلق بعض ایسے پہلوؤں کو اجاگر کیا جن کے متعلق بہت کم لوگوں کو پہلے معلوم تھا۔
امیتابھ نے فلم انڈسٹری میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں کہا: ’تکنیکی تبدیلیاں بہت آئی ہیں۔ اب فلم ریل ہوتی ہی نہیں ہے، سب کچھ ڈیجیٹل ہے تو ہم اسے فلم انڈسٹری کیوں کہیں؟ جس طرح سے فلمیں بنتی ہیں اس میں کافی تبدیلیاں آچکی ہیں۔ برسوں پہلے، فلم کی ریل بہت مہنگی ہوتی تھی، ہم اسے ضائع نہیں کر سکتے تھے، اس لیے کہیں نہ کہیں یہ دباؤ ہوتا تھا کہ آپ ایک ہی ٹیک میں شاٹ مکمل کریں نہیں تو آگے شاید آپ کو کام نہ ملے یا آپ فلم سے ہی نکال دیے جائیں۔‘
امیتابھ نے مزید کہا کہ ’جب میں ہدایت کار رشی كیش مکھرجی کو یہ کہتا تھا کہ مجھے ایک اور ٹیک لینا ہے تو وہ پوچھتے تھے، اس کا پیسہ آپ دوگے؟‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
انھوں نے بتایا کہ انھیں ہر عشرے میں فلم انڈسٹری میں کچھ مختلف دیکھنے کو ملا ہے اور ہر ایک چیز کا دوسرے سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔
انھوں نے کہا: ’ہر عشرے میں نئی موسیقی، نئے فنکار، نئے فلم ساز اور فلم ڈائریکٹر دیکھنے کو ملے۔ مجھے یاد ہے پچاس کے عشرے کی فلم دیکھنے کا کچھ الگ ہی مزہ تھا۔ اس وقت ایک دو ہی ایئر كنڈيشن سنیما گھر تھے اور وہ بھی ایک عجیب بات تھی۔‘
حال ہی میں فلم ’پنک‘ میں نظر آنے والے امیتابھ بچن نے خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے مسئلے پر بھی بات چيت کی۔
انھوں نے ایسے تمام واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ بھارتی معاشرے کو بدلنے میں ابھی بہت وقت ہے۔
انہوں نے فلم 'پنک' کے اس يادگار ڈائیلاگ کو دہرایا: ’نو مطلب نو۔‘ انھوں نے کہا: ’عورت جب نہ کہتی ہے تو آپ کو رکنا ہوگا، چاہے وہ آپ کی دوست ہو یا بیوی۔ مجھے فخر ہے کہ میں نے ’پنک‘ جیسی فلم میں کام کیا۔‘







