'لوگ میرے منہ کے بل گرنے کا انتظار کر رہے تھے'

سنی لیونی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسنی لیونی نے حال ہی شاہ رخ خان کی فلم میں ایک آئٹم سانگ پر پرفارم کیا ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی سلیبریٹی سنی لیونی نے جب جب میڈیا سے گفتگو کی ان کی شخصیت کا ایک نیا پہلو سامنے آیا۔ انھوں نے ہمیشہ سے ہی انتہائی مودبانہ اور باوقار انداز میں ہر چبھتے سوال کا جواب دیکر یہ ثابت کیا آپ کا کام آپ کی ذاتی زندگی کا عکاس نہیں ہوتا۔

چند روز قبل انڈیا کے ایک روز نامے کے ساتھ ایک انٹرویو میں سنی نے بالی وڈ میں اب تک کے اپنے سفر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو اس بات کا انتظار تھا کہ میں کب منہ کے بل گروں جن کا خیال تھا کہ میں بالی وڈ میں کچھ حاصل نہیں کر سکوں گی۔

سنی کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے تھے کوئی بڑا سٹار ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار نہیں ہوگا لیکن آج شاہ رخ خان کے ساتھ ان کا آئٹم نمبر ان تمام لوگوں کو ایک جواب ہے جو ان کے وجود پر سوال اٹھاتے رہے ہیں۔

ایک وقت تھا جب سنی لیونی کا نام آتے ہی یا تو لوگ نفرت کا اظہار کرتے تھے یا پھر ان کے لبوں پر عجیب سی سکراہٹ پھیل جاتی تھی۔ یہ حقیقت ہے کہ سنی ایک پورن سٹار رہ چکی ہیں لیکن انھوں نے نہ تو کبھی اس بات کو چھپانے کی کوشش کی اور نہ ہی کبھی اس پر کسی طرح کے افسوس کا اظہار کیا۔ کہتے ہیں کہ ایمانداری قول کی ہو یا کرادر کی کامیابی کی ضمانت ثابت ہو سکتی ہے۔

تیمور نام میں بہت کچھ ہے!

کرینہ کپور اور سیف علی خان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنکرینہ کپور اور سیف علی خان نے اپنے بیٹے کا نام تیمور کیا رکھا بچہ پہلے ہی دن سلیبریٹی ہو گيا

کرینہ کپور اور سیف علی خان کے بیٹے کے نام تیمور علی خان پٹودی پر تنازع نے اس کہاوت کو غلط ثابت کر دیا کہ نام میں کیا رکھا ہے۔ ایک نو زائیدہ بچے کے نام پر اتنا ہنگامہ انڈیا میں جاری عدم برداشت کی جانب ایک اور اشارہ ہے۔ اپنے بچے کا نام رکھنے کا حق صرف اور صرف بچے کے والدین کو ہے۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جو سرکس جاری ہے وہ قابلِ دید ہے جہاں لوگ اس نام پر شدید اعتراض یا یوں کہا جائے کہ غصہ ظاہر کر رہے ہیں وہ حیران کن ہے۔ اور تو اور کچھ اخبارات نے تو وسط ایشیائی حکمران تیمور لنگ کے مبینہ ظلم و ستم کی داستانیں بھی شائع کرنی شروع کر دیں۔ یعنی کہانی کہاں سے شروع ہو کر کہاں پہنچ گئی۔

سوشل میڈیا پر جہاں کچھ لوگ اس نام پر ناراض تھے تو بہت سے لوگ اسے کرینہ اور سیف کا ذاتی معاملہ کہہ کر تنقید کرنے والوں کو چپ کرانے کی کوشش بھی کر رہے تھے۔ بحرحال چھوٹے نواب نے پیدا ہوتے ہی شہرت کا پائیدان چڑھنا شروع کر دیا۔ اب آغاز یہ ہے تو انجام کیا ہو گا!

سلمان نے شاہ رخ کو پیچھے چھوڑا

شاہ رخ خان اور سلمان خان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان اور سلمان خان کے درمیان ایک عرصے سے پیشہ ورانہ مقابلہ جاری ہے

بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان نے فوربز میگزین میں اس سال کی 100 امیر ترین بھارتی سلیبریٹیز میں شاہ رخ خان کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یعنی وہ رئیس سے زیادہ رئیس نکلے۔

میگزین کا کہنا ہے کہ اس سال سلمان کی دو فلموں 'پریم رتن دھن پایو' اور 'سلطان' کی کمائی کے سبب سلمان کی مقبولیت اور کمائی میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔

اس فہرست میں کمائئ کے لحاظ سے شاہ رخ کا نمبر سلمان کے بعد آتا ہے جبکہ شہرت میں سلمان دوسرے نمبر پر ہیں اور شاہ رخ تیسرے نمبر رہے۔

شہرت میں پہلا نمبر انڈیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کا رہا۔ وراٹ کی اپنی مقبولیت ایک جگہ لیکن اس میں کچھ کریڈٹ تو انوشکا کو بھی جاتا ہے۔