میں سنگل ہوں، کنفیوژڈ ہوں: سلمان خان

سلمان خان

،تصویر کا ذریعہKoffee With Karan

،تصویر کا کیپشنسلمان خان کرن جوہر کے ٹی وی شو 'کافی ود کرن' میں اپنے انداز میں نظر آئے

بالی وڈ کے معروف فلم ساز کرن جوہر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ان کے ٹی وی شو ’کافی ود کرن‘ کا 100 واں شو ان کا اب تک کا بہترین شو ہوگا۔

اس سپیشل شو کے مہمان بالی وڈ کے سپر سٹار سلمان خان تھے اور ان کے ساتھ ان کے دونوں بھائی ارباز خان اور سہیل خان بھی تھے۔

یہ شو ان خان بھائیوں کے آپسی قصے اور خاندانی لطیفوں کے سبب جہاں دلچسپ تھا وہیں بہت سے لوگوں کے لیے اس میں بہت سی نئي باتیں بھی تھیں۔

جیسے جب تینوں بھائی ایک ہی کمرے میں رہا کرتے تھے تو ایک دوسرے کے انڈرویڑز یعنی چڈیاں بھی پہن لیتے تھے۔ یہ انکشاف انھوں نے اس سوال کے جواب میں کیا تھا جس میں یہ پوچھا گیا تھا کہ ان میں کتنی قربت ہے۔

ارباز خان نے سلمان کے اس انکشاف کی تردید کی لیکن سہیل نے اعتراف کیا کہ دھو کر استعمال کر لیتے تھے۔

سلمان نے خواتین کے ساتھ رشتوں کے بارے میں کہ وہ خواتین سے رشتے کے معاملے میں بہترین آدمی نہیں ہیں۔ جب کرن نے انھیں ان کے طویل عرصے تک جاری رہنے والے رشتوں کی یاد دلائي تو انھوں نے کہا: میرا سلوک ان کے ساتھ اچھا نہیں تھا۔

اس بات پر ارباز نے ہنستے ہوئے کہا: اس وقت دوسروں کے ساتھ بہت اچھا تھا۔

خان برادران

،تصویر کا ذریعہKoffee With Karan

،تصویر کا کیپشنانھوں نے بتایا کہ وہ کبھی ایک ہی کمرے میں رہتے تھے اور کبھی کبھی ایک دوسرے کی چڈیاں بھی شیئر کر لیتے تھے

سلمان نے کہا کہ فی الحال میں اکیلا ہوں، کنفیوژڈ ہوں اور اس حالت سے نکلنا چاہتا ہوں۔

جولیا ونتور کے بارے میں کیے جانے والے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ فیملی کا حصہ ہیں اور کہا کہ ان کے گھر جو بھی آتا ہے وہ فیملی کا حصہ ہوتا ہے خواہ مہمان ہو یا پھر چور۔

سہیل خان نے سیما سچدیو سے اپنی شادی کا دلچسپ واقعہ سنایا۔ انھوں نے بتایا کہ سیما کے والدین کو بغیر بتائے ایک دن وہ انھیں گھر لے آئے اور اپنے والد سے سارے احوال بتائے۔ اسی درمیان چند دوست ایک مولوی صاحب کو نکاح پڑھنے کے لیے اغوا کر لائے۔ مولوی صاحب نے جب ان تینوں کے والد سلیم خان کو دیکھا تو کہا :ایسی حرکت تمہارے ہی بیٹے کر سکتے ہیں۔ بعد میں پتہ چلا کہ سلیم خان جب سلمی خان (اس وقت سوشیلا چرک) کے ساتھ بھاگے تھے تو انھی کو نکاح پڑھانے کے لیے اغوا کیا گیا تھا۔

اس شو کے دوران سہیل خان نے بتایا کہ ارباز خان لڑکیوں میں بہت مقبول تھے اور ان کا کمرہ برموڈا ٹرینگل کہلاتا تھا کیونکہ ساری لڑکیا ان کے کمرے میں ہی چلی جاتی تھیں۔

خان برادران

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنتینوں بھائی بینگ ہیومن کے شو پر ایک ساتھ واک کرتے ہوئے

سلمان نے شاہ رخ کے ساتھ تعلقات کی تلخی کے بارے میں کہا کہ بہت چھوٹی سی بات تھی ایک دن کچھ ہو گیا اور ہم آگے نکل آئے لیکن ہمارے فیملی کے رشتے کبھی منقطع نہیں ہوئے اور 'ہم نے کبھی سہیل یا ارباز کو ان سے ملنے سے منع نہیں کیا۔'

بھائیوں نے سلمان خان کو محنتی بتایا اور بڑے بھائی کی طرح تحفظ کرنے والا بھی نہ کہ اپنے سایے تلے دبانے والا۔

سلمان خان نے عالیہ بھٹ کی تعریف کی جبکہ سہیل خان نے پانچ بہترین اداکاراؤں میں پہلا نام عالیہ بھٹ کا لیا پھر دیپکا، پرینکا، انوشکا اور قطرینہ کا نام آيا۔

یہ پروگرام 'کافی ود کرن' کے پانچویں سیزن میں گذشتہ اتوار کو پیش کیا گيا۔