’اے دل ہے مشکل ریلیز نہ ہونے کا افسوس ہے‘

عمران عباس

،تصویر کا ذریعہFacebook

    • مصنف, حسن کاظمی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

معروف اداکار عمران عباس نے کہا ہے کہ انھیں فلم ’اے دلِ ہے مشکل' کے پاکستان میں ریلیز نہ ہونے کا افسوس ہے کیونکہ یہ ایک بہت ہی خوبصورت رومانوی فلم ہے۔

’اے دل ہے مشکل‘ آج انڈیا میں ریلیز کی جارہی ہے۔

اے دل ہے مشکل میں پاکستانی اداکار فواد خان کےعلاوہ عمران عباس نے بھی بطور مہمان اداکار کام کیا ہے۔

عمران عباس نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں انھوں نے انوشکا شرما کے بوائےفرینڈ کا کردار ادا کیا ہے۔

'یہ ایک مختصر مگر دلچسپ اور مزاحیہ سا کردار ہے جس کی شوٹنگ ایک سال پہلے لندن میں ہوئی تھی اور اس کا ایک گانا چند ماہ پہلے ممبئی میں فلمایاگیا تھا تاہم اس کے چند مزید سین ریکارڈ نہیں ہو سکے کیونکہ اسی دوران پاکستان اور بھارت میں جو حالات تھے اس کے بعد انھیں فلمانا ممکن نہیں تھا۔‘

تاہم ان کا کہنا تھا کہ فلم میں اصل کردار تو انوشکا شرما، ایشوریہ رائے اور رنبیر کپور کا ہی ہے اور اگر ان کے کچھ سین فلم بند نہیں ہو سکے تو اس سے شاید فلم پر کوئی فرق نہ پڑے کیونکہ اکثر فلم کے بہت سے سین فلم کے دورانیے کو کم رکھنے کی وجہ سے ہٹادیے جاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کرن جوہر ان کے بہت اچھے دوست ہیں اور وہ بہت اچھے ہدایت کار بھی ہیں اس لیے جب انھوں نے اس فلم کے لیے کہا تو وہ منع نہیں کر سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھار دوستوں کے لیے مہمان اداکار کے طور پر کام کرنا پڑتا ہے۔ اس فلم میں عالیہ بھٹ اور شاہ رُخ خان بھی بطور مہمان اداکار شامل ہوئے ہیں جبکہ فواد خان کا کردار اگرچہ مختصر ہی ہے مگر دیگر مہمان اداکاروں سے کچھ زیادہ ہے۔

عمران عباس نے کہا کہ انھیں ان حالات کا بہت افسوس ہے کیونکہ اداکار ہی وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے حالات بہتر ہو رہے تھے۔ ’ہم لوگوں نے زی زندگی چینل کے ذریعے پاکستان کی ثقافت کو انڈیا میں دکھایا اور اس طرح کی ثقافتی سرگرمیاں جن میں پاکستان میں بالی وُڈ کی فلمیں اور پاکستان کے ڈرامے انڈیا میں دیکھے جاتے ہیں جس سے عوام میں پیار اور محبت کا رشتہ بڑھتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ 'اسی لیے میں کہتا ہوں کہ محبت کی بات کرنے والا بھی کوئی ہونا چاہیے اور وہ ہمیشہ اداکار اور فن کار ہی ہوتے ہیں، اسے لیے میری دعا ہے کہ ہم وہاں دیکھے جا سکیں اور وہ یہاں دیکھے جا سکیں کیونکہ مجھے یقین ہے کہ آج کی دنیا میں جنگ کوئی نہیں چاہتا۔'

عمران عباس

،تصویر کا ذریعہImran Abbas

،تصویر کا کیپشنعمران عباس کرن جوہر اور انوشکا شرما کے ساتھ

عمران نے بتایا کہ ان کے ساتھ ایسا پہلے بھی ہوا ہے جب وہ فلم ’گزارش‘ میں کام کرنے والے تھے مگر ممبئی حملوں کی وجہ سے ایسا نہ ہو سکا۔

انھوں نے کہا کہ وہ ان ابتدائی اداکاروں میں سے ہیں جو بھارت میں کام کرنے گئے تھے اسی لیے شاید ان کی زندگی میں دو مرتبہ ایسا ہوا دیگر افراد شاید اتنے عرصے سے کام نہیں کر رہے اسے لیے ان کے ساتھ پہلی مرتبہ ہوا ہو گا۔

عمران عباس نےبتایا اس وقت انھیں چھ پاکستانی فلموں کی پیشکش ہے، اور وہ تمام فلمیں تو نہیں کر سکتے تاہم ان میں سے دو یا تین فلمیں ضرور کرنے کی کوشش کریں گے۔