پاکستان کو 115 رنز کی بھاری شکست، کیویز نے سیریز اپنے نام کر لی: ’ایک میچ میں ہیرو دوسرے میں زیرو یہ ہے ماڈرن ڈے کرکٹ‘

پاکستان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 115 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

اتوار کو ماؤنٹ مانگنوئی میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے جیت کے لیے پاکستان کو 221 رنز کا ہدف دیا تھا مگر پاکستان کی پوری ٹیم 105 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے پاکستان کی سب سے بڑی شکست ہے۔

پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور کیویز نے جس طرح اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پاکستان کو ایک بار پھر 200 سے زیادہ رنز کا تعاقب کرنا پڑے گا۔

ٹیم سائیفرٹ نے ایک بار پھر دھواں دار آغاز کیا اور چار چھکوں، تین چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ ان کے آؤٹ ہونے پر ساتھی فن ایلن نے 20 گیندوں پر نصف سنچری سکور کر کے نیوزی لینڈ کا سکور صرف 10 اوورز کے اختتام پر 134 رنز تک پہنچا دیا۔

یہاں پاکستانی بولرز نے میچ میں واپسی کی اور149 کے سکور پر نیوزی لینڈ کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹا دیے۔ تاہم کپتان مائیکل بریسویل نے 26 گیندوں پر 46 رنز کی فیصلہ کن اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کا سکور چھ وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز پر پہنچا دیا۔

جواب میں پاکستان کی ٹیم ایک بھی شراکت قائم نہ کر سکی اور پے در پے وکٹیں گرنے کے باعث پاور پلے میں ہی پاکستان کی نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں اب میزبان نیوزی لینڈ کو تین ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔

نیوزی لینڈ نے پہلے دو میچز میں پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ تیسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو نو وکٹوں سے ہرایا تھا۔

پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد حارث تھے جنھوں نے صرف دو رنز بنائے۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنی تیز ترین سنچری بنانے والے حسن نواز آج صرف ایک ہی رن بنا سکے۔

سلمان علی آغا اور شاداب خان بھی صرف ایک ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عرفان خان 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ خوشدل شاہ صرف چھ رنز بنا سکے۔

پاکستان کی طرف سے عبدالصمد 28 گیندوں پر سب سے زیادہ 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ابرار احمد ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

عباس آفریدی بھی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے تین، زکرے فولکس نے تین جبکہ وِل اورورکی، جیمز نیشم اور اش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کا احوال

مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

نیوزی لینڈ نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اختیار کیا اور چھ اوورز کے پاور پلے میں 79 رنز بنائے۔ نیوی لینڈ کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز ٹم سیفرٹ تھے جنھوں نے چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر44 رنز بنائے۔ انھیں حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 108 رنز کے مجموعی سکور پر گری۔ دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنانے والے مارک چیپمین کو بھی حارث رؤف نے کلین بولڈ کیا۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 134 رنز پر گری۔ 20 گیندوں پر 50 رنز بنانے والے فن ایلن کو عباس آفریدی نے حسن نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ چوتھی وکٹ 139 رنز پر گری۔ تین رنز بنانے والے جیم نیشم ابرار احمد کی گیند پر وکٹ کیپر محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

149 کے مجموعی سکور پر کیویز کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا۔ تین رنز بنانے والے مچل ہے کو بھی ابرار احمد نے محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 206 رنز پر گری، 29 رنز بنانے والے ڈیرل مچل کو حارث رؤف نے عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 220 رنز سکور کیے۔ اننگز کے اختتام پر مائیکل بریس ویل 44 جبکہ زکرے فولکس تین رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

X پوسٹ کا اختتام

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں نیوزی لینڈ کے میچ اور سیریز جیتنے کی خبر دی ہے۔

صارف میاں عمر نے پاکستانی بیٹنگ پر طنز کیا کہ پاکستانی ٹیم جدید دور کی کرکٹ کھیل رہی ہے۔ شاید وہ سابق کرکٹر محمد یوسف کی اس رائے پر تبصرہ کر رہے تھے جو انھوں نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے جیتنے کے بعد دی تھی۔ محمد یوسف نے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے بس ضرورت اس امر کی ہے کہ کھلاڑیوں کو ماڈرن ڈے کرکٹ کی تربیت دی جائے۔

ایک صارف نے لکھا کہ 16 اوورز میں 205 رنز کے تعاقب کرنے کے بعد اگلے ہی میچ میں 56 رنز پر آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔۔۔ یہ ہے پاکستان کرکٹ۔‘

اسی طرح ایک صارف نے لکھا کہ ’ایک میچ میں ہیرو، دوسرے میں زیرو یہ ہے ماڈرن ڈے کرکٹ؟‘

ایک صارف نے طنزاً کہا کہ پاکستانی بلے باز اس میچ کو جلدی جلدی ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ سہ پہر کو آئی پی ایل کا میچ دیکھ سکیں۔

کچھ صارفین نے ٹیم سے بابراعظم کو ڈراپ کرنے کے فیصلے کو بھی اتنی بڑی شکست کی وجہ قرار دیا ہے۔

صحافی مظہر ارشد نے لکھا کہ ’زیادہ خطرے والی بیٹنگ کرنے کا نقصان یہ ہوتا ہے کہ آپ اپنے برے دن پر ہارتے ہیں، لیکن کم خطرہ مول لے کر بیٹنگ کرنے کا نقصان یہ ہوتا ہے کہ آپ اپنے اچھے دن پر بھی ہار جاتے ہیں۔‘