پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست: ’بھائی یہ آپ کی گلی کا ٹیپ بال ٹورنامنٹ نہیں‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیوزی لینڈ میں ہونے والی پانچ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دی دی ہے۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں سیریز کے ہونے والے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 92 رنز کا انتہائی آسان ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر 11 ویں ہی اوور میں حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ نے 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فن ایلن 29 اور ٹم رابنسن 18رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے اس پہلے ٹی 20 میں میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کیویز ٹیم کے کپتان کا فیصلہ اُن کے حق میں رہا اور پاکستان کی ٹیم فقط 91 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی بیٹنگ لائن میچ کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور میچ کے ابتدائی پانچ اوورز میں 11 رنز پر گرین شرٹس کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چُکے تھے۔
اوپنر محمد حارث اور حسن نواز صفر پر آؤٹ ہوئے، عرفان خان ایک رن جبکہ شاداب خان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
چیمپیئنز ٹرافی میں مایوس کُن کار کردگی کے بعد پاکستانی ٹیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والیی اس سیریز میں تین نئے کھلاڑیوں عبدالصمد، محمد علی اور حسن نواز نے ڈیبیو کیا۔ تاہم ان میں سے کوئی بھی اچھا پرفارم نہیں کر سکے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کی جانب سے صرف تین کھلاڑی ایسے تھے کہ جو ڈبل فگر میں سکور بنانے میں کامیاب ہوئے۔ اس پہلے ٹی ٹوئینٹی میچ میں خوش دل شاہ نے سب سے زیادہ 30 گیندوں کا سامنا کیا اور تین چھکے لگا کر 32 رنز بنائے۔ خوش دل کے علاوہ سلمان علی آغا نے 20 گیندوں کا سامنا کیا اور 18 رنز جبکہ جہانداد خان نے 17 گیندوں پر 17 رنز بنائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 4، کائل جیمیسن نے 3 اور اش سوڈھی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ زیرکے فالکس کے حصے میں آئی۔
آج کے میچ کی اگر بات کریں تو پہلے پاکستانی بلے باز ناکام ہوئے اور پھر جب باری آئی گیند بازوں کی تو وہ بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے ایک آسان ہدف انتہائی آسانی سے حاصل کر لیا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی اس بُری پرفارمنس کا غصہ پاکستانی فینز نے سوشل میڈیا پر نکالا۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی کرکٹ فینز جہاں انتہائی مایوس اور غصے میں نظر آئے تو وہیں اُن میں سے اکثریت نے ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کو یاد کیا اور ٹیم مینجمنٹ کو انھیں ٹیم سے باہر رکھنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

،تصویر کا ذریعہx.com
زارق افضل نامی ایک صارف نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’ایک عقلمند شخص نے کہا کہ آپ کو اس بات کا اندازہ نہیں ہوگا کہ بابر اعظم کتنے اچھے ہیں جب تک کہ وہ چلے نہیں جاتے۔‘

،تصویر کا ذریعہx.com
عبدالغفار نامی ایک صارف نے ایک پر لکھا کہ ’تاریخ کی بہترین ٹی ٹوئنٹی اوپننگ جوڑی اور ریکارڈ ہولڈر کو ون ڈے فارمیٹ کی بنیاد پر پاکستانی ٹیم سے نکال دیا گیا۔ واہ!‘
حمزہ شیخ نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ پر اپنے غم اور غصے کا اظہار کیا اور محمد حارث کو آڑے ہاتھوں لیا، انھوں نے لکھا ’یہ لڑکا گیند دیکھے بغیر ہی ہر گیند پر اپنا بیٹ پھینک رہا تھا، بھائی! یہ آپ کی گلی کا ٹیپ بال ٹورنامنٹ نہیں ہے یہ بین الاقوامی کرکٹ ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہx.com
ندیم نامی ایک سوشل میڈیا صارف نے بس اتنا لکھا 'نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ۔'
اسی کے ساتھ کُچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وہ ویڈیو شئیر کی کہ جس میں پاکستان کے شمالی علاقے میں ایک دولہے کے ساتھ جاتے باراتی لکڑی کے ایک پُل پر سیلفی بنانے کے لیے رُکتے ہی ہیں تو وہ ٹوٹ جاتا ہے اور تمام باراتی برساتی نالے میں جا گرتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہx.com
سوریش یادو نامی ایک صارف نے تو پاکستانی بلے باز اور سابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان معین خان کے بیٹے اعظم خان کو بھی اس پرفارمنس کے بعد یاد کیا انھوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’آپ کو سورج کی کمی اُس وقت محسوس ہوتی ہے کہ جب برفباری شروع ہو جاتی ہے۔‘ انھوں نے مزید لکھا کے ’یہ وہ ہیں کہ جو پاکستان میں ٹی ٹوئینٹی کو بچا سکتے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہx.com
فورتھ امپائر نامی ایک ایکس یوزر نے بھی ٹیم مینجمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور لکھا ’آپ اس بات کو مانیں یہ نہیں مگر بابر اعظم اور محمد رضوان کے بغیر یہ ٹیم تو زمبابوے کے خلاف بھی ایک میچ بھی نہیں جیت سکتی۔‘













