آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
تقریباً 42 کروڑ روپے کی اس گھڑی میں ایسا خاص کیا ہے؟
- مصنف, ابھشیک دیو
- عہدہ, گوہاٹی
انڈیا میں چڑیا گھر کی تھیم پر بنائی گئی ایک پرتعیش گھڑی پیش کی گئی ہے۔ یہ نجی چڑیا گھر ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کا خاندان چلا رہا ہے۔
اس گھڑی کے مرکز میں مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کا ہاتھ سے رنگ کیا گیا ایک مجسمہ بھی نصب ہے، جس کے گرد شیر اور بنگال ٹائیگر بھی بنائے گئے ہیں۔
لگژری گھڑیاں بنانے والی کمپنی جیکب اینڈ کمپنی کی ڈیزائن کردہ اس گھڑی میں ہیرے بھی جڑے ہیں۔
گھڑی کی قیمت کروڑوں میں
اگرچہ گھڑی بنانے والی کمپنی نے اس کی قیمت ظاہر نہیں کی، لیکن صنعتی اتحادی واچوپیا کے مطابق اس کی قیمت کا اندازہ تقریباً 15 لاکھ ڈالرز یا انڈین کرنسی میں 13 کروڑ 70 لاکھ روپے کے قریب لگایا گیا ہے۔ (پاکستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً 42 کروڑ روپے بنتی ہے)
گھڑی جس چڑیا گھر کی تھیم پر ہے، اسے جنگلی حیات کے بچاؤ اور بحالی کے نجی مرکز کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ تین ہزار 500 ایکڑ پر پھیلے اس چڑیا گھر میں شیر اور ہاتھی سمیت جانوروں کی دو ہزار سے زیادہ اقسام رہتی ہیں۔
یہ چڑیا گھر آننت امبانی کی ملکیت ہے اور عام افراد کو وہاں جانے کی اجازت نہیں۔ گذشتہ سال یہ چڑیا گھر اُس وقت خبروں میں آیا تھا جب اس پر جانوروں کو غیر قانونی طریقے سے حاصل کرنے اور ان کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات لگے تھے۔
لیکن بعد میں سپریم کورٹ کی مقرر کردہ ٹیم نے قرار دیا تھا کہ انھیں کسی غلط حرکت کے ثبوت نہیں ملے۔
یہ چڑیا گھر انڈیا کی مغربی ریاست گجرات میں جام نگر کے مقام پر واقع ہے۔ دنیا میں تیل صاف کرنے کا سب سے بڑا کارخانہ، جو مکیش امبانی کا ہے، اس کے قریب ہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ونتارا کا افتتاح گذشتہ سال مارچ میں انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔
’آننت امبانی کی شادی کی تقریبات کے باعث ونتارا خبروں میں رہا‘
سنہ 2024 میں اننت امبانی کی شاندار شادی کی تقاریب کے لیے ایک مقام ونتارا بھی تھا۔ یہ پری ویڈنگ تقاریب دنیا بھر میں سرخیوں کا موضوع بنی تھیں۔
ان شادی اور دیگر تقریبات میں انڈیا کے تمام بڑے بالی ووڈ ستاروں کے ساتھ ساتھ کم کارڈیشیئن اور ریحانہ جیسی عالمی شہرت یافتہ شخصیات بھی شریک ہوئی تھیں۔
اس کے علاوہ بل گیٹس اور مارک زکربرگ جیسے کاروباری افراد، برطانیہ کے سابق وزرائے اعظم ٹونی بلیئر اور بورس جانسن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اپنے شوہر جیرڈ کُشنر کے ساتھ ان تقاریب میں شامل ہوئے تھے۔
گھڑی بنانے والی کمپنی کا کیا کہنا ہے؟
گھڑی کی رونمائی کے موقع پر سوشل میڈیا پوسٹ میں جیکب اینڈ کمپنی نے کہا کہ ان کی نئی لگژری گھڑی ’ونتارا کے لیے خراجِ تحسین‘ ہے، اور اس کے ڈائل کے مرکز میں موجود آننت کا مجسمہ ’دیکھ بھال اور احساس ذمہ داری‘ کی علامت ہے۔
کمپنی کے مطابق اس گھڑی میں ہیروں، سبز نیلم، یاقوت سمیت 397 قیمتی ہیرے جڑے ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل آننت کی شادی کی تقریبات کے دوران ایک وائرل ویڈیو میں زکربرگ اور ان کی اہلیہ پریسیلا آننت امبانی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اُن کے ’رچرڈ مل‘ ٹائم پیس (گھڑی) کو دیکھ کر دنگ رہ جاتے ہیں۔
پریسیلا کو اس موقع پر یہ کہتے سُنا جا سکتا ہے کہ ’آپ کی گھڑی بہت ہی شاندار ہے۔۔۔ بہت کول۔‘ اس کے بعد وہ کہتی ہیں کہ وہ بھی گھڑی خریدنا چاہتی ہیں اور آننت کی گھڑی کو پکڑ کر اس کا ماڈل اور برانڈ وغیرہ بھی دیکھنے کی کوشش کرتی نظر آئیں۔۔۔ مارک اور ان کی اہلیہ کی گھڑی کے متعلق گفتگو کے دوران آننت بہت محظوظ ہوتے دیکھے گئے۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق اس گھڑی میں ’آٹھ ہزار قیراط سونا اور ہیرے جڑے‘ ہوئے ہیں اور اس کی قیمت ’15 کروڑ‘ انڈین روپوں سے بھی زائد تھی یعنی رولز رائس کار سے بھی زیادہ۔