آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’میرا دل یہ پکارے‘ سے ’مسٹر میک ایڈمز‘ تک، سال 2022 کے چھ وائرل لمحات
سوشل میڈیا پر وائرل ہونا آسان نہیں اور اس کے لیے سخت محنت درکار ہوتی ہے۔ مگر بعض اوقات اس کے لیے کسی شادی پر ڈانس یا لائیو ٹی وی شو میں غلطی بھی کافی ہوتی ہے۔
سنہ 2022 میں انڈیا میں سوشل میڈیا کے سرفہرست لمحات ان دونوں کا محظوظ کن مرکب تھے۔
1۔ ’مسٹر میک ایڈمز میں ہوں!‘
سال کے پہلے بڑے وائرل لمحات میں سے ایک مزاحیہ غلطیوں کا وہ سلسلہ تھا جو ایک انڈین چینل پر براہ راست جاری تھا۔
معروف ٹی وی چینل ٹائمز ناؤ پر ایک پینل ڈسکشن کی میزبانی کرنے والے نیوز اینکر راہل شیو شنکر تقریباً دو منٹ تک یوکرین کے ایک صحافی کو یہ سوچ کر لعنت ملامت کرتے رہے کہ وہ امریکی خارجہ پالیسی کے مبصر ڈینیل میک ایڈمز سے مخاطب ہیں۔
اینکر کو اپنی غلطی کا اس وقت احساس ہوا جب ایک دلبرداشتہ مسٹر میک ایڈمز (یعنی پینل کے دوسرے مہمان) نے جواباً چیخنا شروع کر دیا۔
انھوں نے کہا کہ ’میں مسٹر میک ایڈمز ہوں! میں مسٹر میک ایڈمز ہوں اور میں نے (ابھی تک) ایک لفظ نہیں کہا ہے، لہذا مجھ پر چیخنا بند کریں!'
ٹی وہ اس لائیو گفتگو نے 'میک ایڈمز' کو انڈیا میں ٹوئٹر کا ٹاپ ٹرینڈ بنا دیا کیونکہ لوگ بڑی تعداد میں ٹی وی پر اس اونچی آواز والے مباحثے کو دیکھ رہے تھے اور انھوں نے مسٹر ایڈمز کی حالت زار پر ہمدردی کا اظہار کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک صارف نے کہا کہ ٹائمز ناؤ پر سب کو جا کر یہ کہنا چاہیے کہ 'میں میک ایڈمز ہوں، اور میں نے ایک لفظ بھی نہیں کہا ہے۔'
خیال رہے کہ انڈیا کے بہت سے ٹی وی اینکرز کے خلاف یہ شکایت عام ہے کہ وہ شریک مہمانوں کو بولنے کا موقع نہیں دیتے ہیں، یا بہت ہی کم دیتے ہیں۔
2۔ رنویر سنگھ کا فوٹو شوٹ
جولائی میں پیپر میگزین کے لیے بالی وڈ سٹار رنویر سنگھ کے برہنہ فوٹو شوٹ نے آن لائن میمز اور لطیفوں کی دھوم مچا دی۔
زیادہ تر میمز میں اداکار کے بھڑکیلے اور شوخ انداز کے ساتھ ساتھ ان کی پُرجوش شخصیت کا حوالہ دیا گیا اور شوٹ میں ان کے قدرے عجیب و غریب پوز کو نشانہ بنایا۔
مثال کے طور پر ایک میم میں مائیکل اینجلو کی پینٹنگ ’دی کریشن آف ایڈم‘ پر رنویر سنگھ کو چپکا دیا گیا۔
جبکہ دوسروں نے ان کی عریاں تصویر کا ڈھانپ کر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
لیکن ان تصاویر نے انڈیا میں غم و غصے کو بھی جنم دیا۔
3۔ کالے چشمے نے انٹرنیٹ پر دوبارہ قبضہ کر لیا
جون میں منعقدہ ایک شادی میں سنہ 2016 کی بالی وڈ فلم 'بار بار دیکھو' کا ایک ہٹ گیت پرفارم کرنے پر ناروے کی کوئیک سٹائل کی ٹیم وائرل ہو گئی۔
اپنے دوست کی شادی کے لیے سوٹ بوٹ میں ملبوس لوگوں نے دھوپ کے چشمے پہن رکھے تھے جب انھوں نے بالی وڈ کی دیگر کامیاب فلموں کے گیت پر کالے چشمے یا گوگلز کے ساتھ پرفارم کیا۔
یہ وائرل ویڈیو جلد ہی دنیا بھر کے لوگوں میں مقبول ہوئی اور لوگوں کو ڈانس کی ترغیب دینے لگی۔ اس کے ساتھ ہی یہ انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر ایک ٹرینڈ بن گیا۔
مکمل کارکردگی کی ایک ویڈیو کو یوٹیوب پر 95 ملین سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا ہے۔
ان کی انسٹاگرام ریل نے بالی وڈ سٹار کترینہ کیف کی توجہ بھی حاصل کی، جنھوں نے اصل گیت میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔
انھوں نے تبصرے کے سیکشن میں فائر والی ایموجی سے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔
4۔ انڈیا کے لوگوں کا کیلی اور نیما پال سے پیار
تنزانیہ کے بہن بھائیوں کیلی اور نیما پال کی ہندوستانی زبانوں کے بہت سارے گانوں پر مکمل ہم آہنگی کے ساتھ لپ سنکنگ (ہونٹ ہلانے کے ہنر) والی ویڈیوز نے انھیں راتوں رات انڈیا میں مشہور کر دیا اور ان کے بہت سے ہندوستانی مداح پیدا ہو گئے۔
دونوں بہن بھائی باری باری ہندی، پنجابی اور تمل کے مقبول ترین گانوں کے ساتھ لپ سنکنگ کرتے ہیں، گویا وہی گا رہے ہوں اور ساتھ میں ڈانس بھی کرتے نظر آتے ہیں اور وہ اپنی یہ ویڈیوز ٹک ٹاک (جس پر انڈیا میں اب پابندی ہے) اور انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہیں۔
کیلی اور نیما نے تنزانیہ کے مقامی سینما گھروں میں بالی وڈ فلمیں دیکھنے کے بعد خود کو ہندی میں گانا سکھایا۔
کیلی نے گذشتہ سال بی بی سی کو بتایا: ’مجھے فلموں اور گانوں سے پیار ہو گیا ہے۔ جب آپ کسی چیز کو چاہنے لگتے ہیں تو اسے سیکھنا آسان ہو جاتا ہے۔‘
ان کی مقبول ترین ویڈیوز میں سے ایک تمل زبان کی فلم بیسٹ کا گیت ’عربی کتھو‘ پر ان کی پرفارمنس ہے جسے انسٹاگرام پر 80 ملین سے زیادہ بار دیکھا گیا ہے۔
کیلی نے اکتوبر میں انڈیا کا دورہ کیا اور ریئلٹی ٹی وی اور ڈانس شوز میں نظر آئے۔
5۔ سنہ 1954 کا گیت پھر سے ہٹ
کیلی اور نیما پال نے حال ہی میں ایک گیت پر ڈانس کیا ہے، لیکن لتا منگیشکر کی آواز میں جادو جگانے والا گیت 'میرا دل یہ پکارے آجا' نومبر میں سوشل میڈیا پر اس وقت وائرل ہو گیا جب ایک پاکستانی خاتون نے ایک شادی میں اس پر ڈانس کیا۔
سبز لباس میں ملبوس عائشہ نے سنہ 1954 کے بالی وڈ گیت کے ریمکس ورژن پر رقص کیا اور جلد ہی انڈین اور پاکستانی شائقین کو اپنی جانب متوجہ کر لیا۔
ان کی ویڈیو 11 نومبر کو پوسٹ ہونے کے بعد سے 19 ملین سے زیادہ بار دیکھی جا چکی ہے۔
انھوں نے اس گیت کو مداحوں کے ایک نئے گروپ سے بھی متعارف کرایا اور اس پر 20 لاکھ سے زیادہ انسٹاگرام ریلز بنائی گئی، یہاں تک کہ بالی وڈ سٹار مادھوری دیکشت بھی اپنے آپ کو نہیں روک پائیں۔
6۔ مونگ پھلی کا گانا
انڈین ریاست مغربی بنگال میں مونگ پھلی بیچنے کی کوشش کے دوران ایک خوانچہ فروش کا گیت 2022 کے پہلے چند مہینوں میں وائرل ہو گیا جب کسی نے ان کی ویڈیو بنا ڈالی۔
بھوبن بدیاکر کا گیت ’کچا بادم‘ یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ہِٹ ہونے کے ساتھ ہی ہر کسی کے لبوں پر تھا۔
اس کے بعد بدیاکر نے نظمو ریچت اور امت دھول کے ساتھ مل کر اپنے گیت پر مبنی ویڈیوز اور گانے بنائے۔