آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شان مسعود: ’انڈیا اور زمبابوے کو ہرا دیتے تو آج سیمی فائنل میں ہوتے‘
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
- مقام, ایڈیلیڈ
پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا آخری گروپ میچ اتوار کے روز بنگلہ دیش کے خلاف ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گی۔ اسی روز مزید دو میچز کھیلے جائیں گے جن میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ ہالینڈ سے ہو گا جبکہ انڈیا کی ٹیم زمبابوے کے مدمقابل ہو گی۔
ان تینوں میچوں کے نتائج طے کریں گے کہ گروپ ٹو سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دو ٹیمیں کونسی ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین شان مسعود کھلے دل سے اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ ’انڈیا اور زمبابوے کو بہت قریب آکر نہ ہرانے کا افسوس ہمیشہ رہے گا اور اگر یہ دونوں میچ جیت جاتے تو آج پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں ہوتی۔‘
کھلاڑیوں کی نیندیں خراب ہو گئیں
شان مسعود کہتے ہیں’ہم زمبابوے سے بھی ہارے لیکن ذاتی طور پر مجھے انڈیا کے خلاف شکست زیادہ تکلیف دے رہی ہے۔ اس میچ میں ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے تھے لیکن اس شکست نے کھلاڑیوں کی نیندیں خراب کردیں اور مورال بھی ڈاؤن ہوا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’بدقسمتی سے جو کچھ ہوا وہ غلط وقت پر ہو گیا جو ہمارے لیے مہنگا ثابت ہوا اور ہم ٹاپ پوزیشن پر نہ آسکے۔‘
شان مسعود کہتے ہیں ’انڈیا کے خلاف میچ میں ایک موقع پر جب آٹھ گیندوں پر 28 رنز درکار تھے اس وقت ہمیں یہ یقین ہو چلا تھا کہ نتیجہ ہمارے حق میں ہو گا، لیکن ہم اہم مواقعوں کو اپنے حق میں کرنے میں ناکام رہے اور یہ میچ آخری گیند پر چلا گیا۔ اسی طرح زمبابوے کے خلاف میچ میں بھی ہم نے ان کے سات کھلاڑی پچانوے پر آؤٹ کر دیے تھے لیکن وہ 130 رنز کر گئے۔‘
شان مسعود کا کہنا ہے کہ ’زمبابوے کے خلاف میچ میں ہمارا بیٹنگ پاور پلے اچھا نہیں تھا اس کے باوجود ہمیں یہ میچ اس وقت ختم کردینا چاہیے تھا جب میں اور شاداب بیٹنگ کر رہے تھے۔ اگر ہم نے صورتحال کو اچھے طریقے سے استعمال کیا ہوتا تو اس وقت ہم چاروں میچ جیتے ہوئے ہوتے ۔‘
پاور پلے کا بہترین استعمال
شان مسعود کا کہنا ہے ’کرکٹ میں ہر دن ایک جیسا نہیں ہوتا اور ہر ٹیم ایک جیسی نہیں ہوتی۔ پاور پلے میں آپ کو لچکدار رہنا ہوتا ہے۔ اگر آپ اچھی کنڈیشنز میں ٹی ٹوئنٹی کھیلتے ہیں تو آپ کو پاور پلے کا فائدہ اٹھانا ہوتا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شان مسعود کہتے ہیں ’اگر اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو دیکھیں تو اس میں پاور پلے میں تیس چالیس کےقریب رنز بھی بنے ہیں اور وکٹیں بھی گری ہیں۔ ٹیموں نے آخری دس اوورز میں اسے کور کیا ہے جیسا کہ انڈیا کی ہمارے خلاف پوزیشن تھی۔ اس میں اس کے دس اوورز میں پنتالیس رنز پر چار آؤٹ ہو چکے تھے۔ سڈنی میں جس طرح حارث نے جنوبی افریقہ کے بہترین بولرز کے خلاف بیٹنگ کی اور جس طرح کے شاٹس کھیلے آپ ماڈرن کرکٹ میں کسی بھی بیٹسمین سے اس کی توقع رکھتے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیے
انفرادی کارکردگی سے مطمئن نہیں
شان مسعود نے انڈیا کے خلاف ناقابل شکست 52 رنز سکور کیے۔ زمبابوے کے خلاف وہ 44 رنز بناکر سٹمپڈ ہوئے جبکہ ہالینڈ کے خلاف وہ 12 اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو رنز ہی بنا پائے۔
شان مسعود کہتے ہیں کہ ’میں خود اپنا نقاد ہوں۔ مجھے زمبابوے کے خلاف میچ ختم کر کے آنا چاہیے تھا، اس کا مجھے بہت دکھ ہے اور یہ دکھ اندر ہی اندر کھاتا رہتا ہے۔‘
اتوار کو کیا ہو گا؟
شان مسعود کہتے ہیں کہ ’اتوار کے روز ایک میچ ہم سے پہلے اور ایک ہمارے بعد ہے۔ گویا ہم سینڈوچ بنے ہوئے ہیں لیکن ہمیں اپنا میچ بہترین صلاحیتوں کے ساتھ کھیلنا ہو گا۔ ہالینڈ اور جنوبی افریقہ کے میچ کا نتیجہ ہمارے حق میں ہو بھی سکتا ہے اور نہیں بھی۔‘