پاکستانی فوج: شمالی وزیرستان میں افغان شدت پسندوں کے حملے میں تین فوجی ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کی فوج کے مطابق افغانستان کی جانب سے 60 سے 70 شدت پسندوں پر مشتمل گروہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے الواڑا میں سرحدی باڑ پر کام کرنے والے پاکستانی فوجی دستے پر حملہ کیا ہے جس میں تین فوجی ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود دستوں نے جوابی کارروائی میں کئی شدت پسندوں کو زخمی اور ہلاک کیا ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نظیر اور سپاہی امداد اللہ سمیت تین فوجی ہلاک جبکہ سات فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیے
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ جب پاکستانی افواج سرحد پر چوکیوں بنا کر اور باڑ لگا کر شدت پسندوں کے حملوں کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں تو افغانستان کی سکیورٹی افواج اور حکام کو بھی سرحدی علاقے میں اپنے کنٹرول کو مستحکم کر کے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرنی چاہیے تاکہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف نہ استعمال کی جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہر قسم کی رکاوٹوں کے باوجود باڑ لگانے کا عمل جاری رہے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ ڈیورنڈ لائن کے نام سے منصوب پاک افغان سرحد تقریباً 2400 کلو میٹر پر مشتمل ایک طویل سرحد ہے۔
پاکستان نے گذشتہ سال جون میں غیر قانونی آمدورفت کی روک تھام کے لیے طورخم کے مقام پر باڑ کی تنصیب شروع کی تھی جس کے نتیجے میں اس وقت دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی اور فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔









