ہٹلر کی فوج کے ٹوائلٹ پیپرز کی نیلامی

آئر لینڈ میں ایک شخص سے نجی طور پر یہ چیزیں 25 سال سے زائد کے عرصے میں اکٹھی کی ہیں

،تصویر کا ذریعہWhytes Auction House

،تصویر کا کیپشنآئر لینڈ میں ایک شخص سے نجی طور پر یہ چیزیں 25 سال سے زائد کے عرصے میں اکٹھی کی ہیں

آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں ہٹلر کی فوج کو جنگِ عظیم دوم میں دیے گئے دو ٹوائلٹ پیپر رولز کی نیلامی کی جا رہی ہے۔

ان غیر استعمال شدہ ٹوائلٹ پیپرز کی قیمت 80 یسے 120 یورو کے درمیان ہے۔

17 ستمبر کو نیلامی کے لیے پیش کی جانے والی اشیا میں جرمنی کے فوجیوں کے ہیلمٹ، میدان جنگ میں خطرے سے آگاہ کرنے والے جھنڈے اور پولیس کا چاقو شامل ہیں۔

آئرلینڈ میں ایک شخص نے نجی طور پر یہ چیزیں 25 سال سے زائد کے عرصے میں اکٹھی کی ہیں۔

جنگ عظیم اول کے وقت کے 30 جرمن ہیلمٹس ہیں جن میں سے کچھ نایاب ہیں

،تصویر کا ذریعہWhytes auction house

،تصویر کا کیپشنجنگ عظیم اول کے وقت کے 30 جرمن ہیلمٹس ہیں جن میں سے کچھ نایاب ہیں

نیلامی کرنے والے ادارے کے سربراہ سٹیورٹ پرسیل کا کہنا تھا ’یہ بات کافی حیران کن ہے کہ یہ ٹوائلٹ پیپر اب بھی صحیح حالت میں ہیں۔ ‘

ان کا کہنا تھا ’ہم نے جنگ عظیم دوم کے دو ہیلمٹ مارچ میں 10000 یورو میں نیلام کیے تھے اور اس نیلامی میں ان اشیا کا مالک بھی شریک تھا۔‘

یہ چیزیں جمع کرنے والے شخص کی کوشش تھی کہ وہ جنگِ عظیم دوم کے ایک سپاہی کی کِٹ میں موجود چیزیں اکھٹی کرنا چاہتے تھے۔ جس میں اس کی بندوق صاف کرنے والے سامان سے لے کر ہر چیز شامل ہے۔

سٹیورٹ پرسیل کا کہنا تھا ’ یہ بات کافی دلچسپ ہے کہ سنہ 1945 میں کوئی شخص یہ کہے کہ ’چلو ہم یہ ٹوائلٹ پیپر ایک طرف رکھ دیتے ہیں کیونکہ مستقبل میں کسی شخص کو یہ بہت پرکشش چیز لگے گی۔‘

نازی فوجیوں کے خبردار کرنے والے جھنڈے بھی نیلام کیے جائیں گے

،تصویر کا ذریعہWhytes auction house

،تصویر کا کیپشننازی فوجیوں کے خبردار کرنے والے جھنڈے بھی نیلام کیے جائیں گے

پرسیل کا کہنا تھا کہ بعض لوگ شاید نازی فوج کی چیزوں کو جمع کرنا گناہ سمجھیں لیکن ان چیزوں کی ایک تاریخی اہمیت ہے۔

’جو لوگ یہ چیزیں جمع کرتے ہیں وہ سنجیدگی سے یہ کام کرنے والے ہیں جیسا کہ کچھ لوگ ٹکٹیں جمع کرتے ہیں۔

’اگر یہ لوگ یہ سب جمع نہیں کر رہے ہوتے تو آئندہ نسلوں کو دکھانے کے لیے ہمارے پاس کچھ نہیں ہوتا اور ہم کہتے کہ کسی نے انھیں جمع کرنے کی زحمت ہی نہیں کی۔‘

ان چیزوں کو جمع کرنے والے شخص کے پاس جنگ عظیم اول کے وقت کے 30 جرمن ہیلمٹس ہیں جن میں سے کچھ نایاب ہیں۔