ترکی میں شامی سرحد کے قریب شہر کو خالی کرنے کا حکم

،تصویر کا ذریعہGetty
ترکی میں حکام نے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی جانب سے مارٹر گولے فائر کیے جانے کے بعد شامی سرحد سے متصل شہر کارکامش کو خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔
کارکامش پر خود کو دولتِ اسلامیہ کہنے والے شدت پسند تنظیم نے شام کی حدود سے گولے فائر کیے تھے۔
اس کے بعد حکام نے لاؤڈ سپیکرز کے ذریعے عام شہریوں کو شہر خالی کرنے کا حکم دیا اور انھیں شہر سے نکالنے کے لیے بسوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
علاقے میں شامی باغیوں کی ملیشیا جمع ہے اور اس کے بارے میں خیال ہے کہ یہ جلد ہی شام میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائی کا آغاز کرے گی۔

،تصویر کا ذریعہAP
ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو نے کہا ہے کہ شام کے شمالی علاقوں سے دولتِ اسلامیہ کا صفایا کر دیا جائے گا۔
تاہم بی بی سی کے نامہ نگار مارک لوون کا کہنا ہے کہ کارکامش سے شہریوں کا انخلا اس بات کا حتمی اشارہ نہیں ہو سکتا ہے کہ ملیشیا اپنی کارروائی شروع کرنے جا رہی ہے بلکہ یہ اقدام شہر پر دولتِ اسلامیہ کے مارٹر حملوں کے جواب میں اٹھایا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ترکی اس کے ساتھ شام کے شمالی علاقے جرابلس میں کرد جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر بھی بمباری کر رہا ہے اور اس کا مقصد کردوں کو شہر پر قبضے سے روکنا ہے حالانکہ کرد خود اس علاقے میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگ کر رہے ہیں۔
ترکی نے سنیچر کو غازی عنتب شہر میں شادی کی ایک تقریب پر خودکش دھماکے میں 54 افراد کی ہلاکت کے بعد اتوار کو شام کے شمالی علاقے جرابلس میں خود کو دولتِ اسلامیہ کہنے والی شدت پسند تنظیم اور کرد جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر بمباری شروع کی تھی۔
ترکی نے اپنی سرحد کے اندر سے توپ خانے کے ذریعے شامی علاقے جرابلس اور منبج میں دولتِ اسلامیہ اور کرد ملیشیا وائے پی جی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔







