آسٹریا: ڈیر بالن نے صدارتی الیکشن جیت لیا

الیگزینڈر وین بالن نے معمولی فرق سے صدارتی الیکشن جیت لیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنالیگزینڈر وین بالن نے معمولی فرق سے صدارتی الیکشن جیت لیا

الیگزینڈر وین ڈیر بالن نے آسٹریا کے صدارتی انتخابات جیت کر نوبٹ ہوفر کو یورپی یونین میں دائیں بازو کا پہلا صدر منتخب ہونے سے روک دیا ہے۔

اتوار کو ہونے والے الیکشن میں مسٹر ہوفر بہت ہی کم فرق سے آگے چل رہے تھے لیکن پیر کو ڈاک سے ملنے والے ووٹوں کی گنتی کے بعد وین ڈیر بالن سبقت لے گئے۔

مسٹر وین ڈیر بالن کی انتخابی مہم یورپی یونین حامی تھی اور انھیں گرین پارٹی کی حمایت حاصل تھی۔

مسٹر ہوفر کی فری ڈم پارٹی نے پناہ حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر یورپی یونین مخالف جذبات اور خدشات کا استعمال کیا تھا۔

انھوں نے اپنے فیس بک صفحے پر الیکشن میں اپنی ہار تسلیم کر لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے ایک افسوناک دن ہے لیکن دکھی ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس الیکشن میں جو کوششیں کی گئی ہیں وہ ضائع نہیں گئیں بلکہ مستقبل میں ان کا اثر نظر آئے گا۔