کینگرو کے بچاؤ کے لیے عقابوں سے لڑائی

،تصویر کا ذریعہCue Police

آسٹریلیا میں ایک پولیس اہلکار نے اپنے لے پالک کینگرو کی زندگی بچانے کے لیے عقابوں کو مار بھگایا۔

مغربی آسٹریلیا میں سین کون سکاٹ میسن نامی پولیس اہلکار نے مارچ میں کیوجو نامی لے پالک کینگرو کو اس وقت بچایا تھا جب اس کی ماں ایک ٹرک کی ٹکر سے ہلاک ہوگئی تھی۔

کیوجو کو 27 اپریل کو دوسری بار اس وقت مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب ایک عقاب نے اسے پولیس سٹیشن کے باغیچے میں دبوچ لیا۔

سین کون سکاٹ نے کہا کہ عقاب کیوجو کو دو میٹر بلند باڑ کے اوپر سے اٹھا کر لے گیا۔

پولیس اہلکار نے آسٹریلین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کو بتایا کہ انھوں نے عقاب کا پیچھا کیا جو کچھ فاصلے پر جا کر زمین پر اتر گیا۔

سین کون میسن کے مطابق اس کے بعد ایک دوسرے عقاب نے کیوجو پر حملہ کیا تاہم انھوں نے دونوں کو ڈرا کر بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا ’میں نے آخر کار کیوجو کو چند سو میٹر کے فاصلے پر پکڑ لیا اور دیکھا کہ اس کا بہت زیادہ خون بہہ رہا تھا۔‘

پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس حملے کے نتیجے میں کیوجو کے سینے اور منہ پر زخم آئے اور اس کی پیٹھ کے بال ضائع ہو گئے۔