دنیا کی ’سب سے بوڑھی کتیا‘ کی موت

اگر میگی کی عمر کو انسانی عمر میں تصور کیا جائے تواس کی عمر ایک سو 33 سال تھی
،تصویر کا کیپشناگر میگی کی عمر کو انسانی عمر میں تصور کیا جائے تواس کی عمر ایک سو 33 سال تھی

آسٹریلیا میں دنیا کی سب سے بوڑھی سمجھی جانے والی ’میگی‘ نامی کتیا کی 30 سال کی عمر کے بعد موت واقع ہو گئی ہے۔

اگر میگی کی عمر کو انسانی عمر میں تصور کیا جائے تو یہ کوئی ایک سو 33 سال بنتی تھی۔

’کیلپی‘ نسل کی میگی آسٹریلیا کی ریاست ’وکٹوریا‘ میں برائن مکلارن نامی ایک ڈیری فارم چلانے والے کی ملکیت میں تھی۔

انھوں نے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ میگی اتوار کی رات کو اپنی ٹوکری میں سوتے ہوئے چل بسی۔

برائن نے ’ویکلی ٹائمز‘ کو بتایا کہ ’وہ 30 سال کی تھی اور پچھلے ہفتے تک ٹھیک دکھائی دے رہی تھی۔ وہ ڈیری فارم سے آفس جاتی تھی اور بلیوں کو دیکھ کر بھونکتی بھی تھی۔‘

برائن نے مزید کہا: ’بس دو دنوں میں اس کی حالت خراب ہو گئی اور کل صبح جب میں گھر گیا تو میں نے کہا کہ اس کے پاس اب زیادہ وقت نہیں ہے۔ میں اداس ہوں لیکن اس بات سے پر سکون ہوں کہ وہ سوتے ہوئے گئی۔‘

میگی کے مالک برائن مکلارن نے بتایا کہ وہ اپنی ٹوکری میں سوتے ہوئے چل بسی
،تصویر کا کیپشنمیگی کے مالک برائن مکلارن نے بتایا کہ وہ اپنی ٹوکری میں سوتے ہوئے چل بسی

میگی کی عمر کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کیونکہ برائن کا کہنا ہے کہ جب ان سے میگی سے متعلق دستاویزات تب کھو گئے تھے جب وہ بہت چھوٹی تھی۔

انھوں نے مزید کہا کہ جب وہ میگی کو گھر لائے تھے تو ان کا بیٹا لیئم صرف چار سال کا تھا، جو اب 34 سال کی عمر کا ہے۔

مرنے سے پہلے میگی بہری ہو چکی تھی اور اس کی نظر بھی بہت کمزور ہو چکی تھی۔

دنیا کے سب سے بوڑھے کتے کا ریکارڈ ’بلوئی‘ نامی ایک آسٹریلوی کتے کو دیا گیا ہے جو سنہ 1939 میں 29 سال کی عمر میں مرا تھا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کا کہنا ہے کہ بلوئی کو ریاست وکٹوریا میں سنہ 1910 میں خریدا گیا تھا جب وہ ایک پلا یا بہت چھوٹا تھا اور اس نے تقریباً 20 سال سے مویشیوں کا خیال رکھا جس کے بعد اسے ابدی نیند سلا دیا گیا۔

عام طور پر کتے آٹھ سے 15 کی عمر تک جیتے ہیں۔

20 سال سے زیادہ عمر کے کتوں کے مستند ریکارڈز شاذو نادر ہی ملتے ہیں اور عام طور پر کتوں کی چھوٹی نسلوں کے بارے میں ہوتے ہیں۔