قریب الموت پوتے سے ملاقات، پرواز موخر

،تصویر کا ذریعہGetty
مانچسٹر میں ایک مسافر طیارے کے پائلٹ نے رن وے پر اڑان بھرنے سے چند لمحوں قبل جہاز کو فضا میں بلند کرنے سے روک لیا تاکہ ایک معمر جوڑے کو ہسپتال میں مرتے ہوئے اپنے پوتے سے ملنے کا موقع مل سکے۔
یہ معمر جوڑا آسٹریلیا جا رہا تھا کہ انھیں ایک پیغام ملا کہ ان کے پوتے کی حالت خراب ہے۔
اس خبر کے آتے ہی جہاز کو واپس موڑ لیا گیا تاکہ یہ دونوں اپنے پوتے کے مرنے سے پہلے اس سے ملاقات کر لیں۔
بریڈ فورڈ کی ٹریول ایجنٹ بیکی سٹیون کا کہنا ہے کہ 30 مارچ کو پیش آنے والا یہ واقعہ غیر معمولی ہے۔
بیکی سٹیون کا کہنا ہے کہ ’میں ٹریول کے کاروبار میں 25 سال ہوں اور اس طرح کے کسی واقعے کے بارے میں نہیں سنا۔‘
انھوں نے اتحاد ایئر ویز کے پائلٹ کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ انھوں نے کبھی بھی کسی ائیر لائن کے بارے میں نہیں سنا کہ وہ اپنے صارفین کی خدمات کے معاملے میں اس حد تک گئے ہوں۔
ان کا کہنا تھا: ’میں بہت خوش ہوں کہ میرے صارفین اپنے پوتے سے ملنے میں کامیاب ہو گئے‘ جو اسی رات انتقال کر گئے تھے۔
’وہ بھی شکرگزار تھے کہ عملے نے ان سے بہت تعاون کیا اور ان کا بہت خیال رکھا گیا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ جہاز رن وے کی جانب گامزن تھا جب کیبن کریو اور پائلٹ کو اس خبر کے بارے میں اطلاع دی گئی۔
یہ جہاز ابو ظہبی جا رہا تھا لیکن اسے واپس موڑا گیا اور مسافروں کو ان کا سامان لوٹا دیا گیا۔
اس جوڑے کو اتارنے کے بعد یہ پرواز اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئی۔
اتحاد ائیر لائن کا کہنا ہے کہ وہ اس ٹکٹ کو کسی اور دن استعمال کر سکتے ہیں۔







