پوتن نے پاناما پیپرز کے الزامات مسترد کر دیے

،تصویر کا ذریعہRIA Novosti

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے پاناما کی لا کمپنی موساک فونسیکا کی جانب سے ان پر لگائے گئے ’بدعنوانی‘ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مخالفین روس کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔

وہ پاناما کی لا کمپنی موساک فونسیکا کی جانب سے جاری کیے گئے ایک کروڑ 15 لاکھ خفیہ دستاویزات جاری ہونے کے بعد ٹی وی پر براہِ راست پہلی بار خطاب کر رہے تھے۔

موساک فونسیکا کی جانب سے جاری خفیہ دستاویزات میں بتایا گیا تھا کہ متعدد آف شور کمپنیوں کے مالک ولادی میر پوین کےقریب رفقا تھے۔

خفیہ دستاویزات کے مطابق ہو سکتا ہے کہ ان کمپنیوں کو شاید منی لانڈرنگ میں استعمال کیا گیا ہو۔

ولادی میر پوتن کا مزید کہنا تھا کہ ان کے مغربی مخالفین ’روس کے اتحاد اور یکجہتی سے پریشان ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ ہمیں مزید تابعدار بنانے کے لیے اندر سے کمزور کرنا چاہتے ہیں۔‘

روسی صدر کے مطابق ان کے مخالفین پاناما پیپرز میں ان کا نام تلاش نہیں کر سکے اس لیے انھوں نے ’معلوماتی پروڈکٹ بنایا ہے۔‘

پاناما پیپرز میں روس کے صدر پوتن کے ایک دوست اور ان کی بیٹی کے سرپرست سرگے رولدوگن کا نام بھی ہے۔

رولدوگن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ دو آف شور کمپنیوں انٹرنیشنل میڈیا اوورسیز اور سونٹیٹی اوورسیز کے مالک ہیں۔

دریں اثنا رولدوگن نے ابھی تک ان الزامات کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔