ترکی بھیجے جانے والوں میں زیادہ تعداد پاکستانیوں کی

یورپی یونین کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کے تحت یونان سے پناہ گزینوں کو واپس بھیجنے کا عمل شروع ہو گیا ہے اور یونان سے پناہ گزینوں کو لے کر پہلی کشتی ترکی پہنچ گئی ہے۔
پیر کے روز یونان کے جزیرے لیزبوس سے مغربی ترکی کے علاقے دکیلی پہنچنے والے 136 پناہ گزینوں میں زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہے۔
معاہدے کے مطابق ہر اس شامی پناہ گزین جسے ترکی بھیجا جائے گا کی جگہ یورپی یونین اس شامی پناہ گزین کو لے گا جس نے قانونی طور پر درخواست دی ہو۔
اب تک ترکی سے جرمنی پہنچنے والے پہلے شامی پناہ گزینوں کی تعداد 16 ہے۔
تاہم یونان کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ترکی بھیجے جانے والے پہلے گروپ میں شامی شامل نہیں ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ان کا مزید کہنا ہے کہ اس گروپ میں بنگلہ دیش، سری لنکا اور مراکش کے وہ شہری شامل ہیں جنھوں نے پناہ کی درخواست جمع نہیں کروائی تھی۔
خیال ہے کہ معاہدے کا مقصد مغربی یورپ میں لوگوں کی بے ضابطہ آمد میں کمی لانا ہے۔ یورپ میں داخلے کے لیے پناہ گزین بڑی تعداد میں سمندر کا خطرناک سفر اختیار کرتے ہیں۔
پناہ گزینوں کی واپسی کا عمل پیر کے روز یونان کے جزیرے لیزبوس سے شروع ہوا۔ ترکی کے حکام کے مطابق 500 افراد کی واپسی متوقع ہے۔ ان افراد کو مغربی ترکی کے علاقے ڈی چیلے میں ٹھہرایا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم اس منصوبے کے بار آور ہونے کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یونان میں پناہ گزینوں کی جانب سے پناہ حاصل کرنے کے حوالے سے مروجہ طریقہ کار کے بارے میں معلومات کی عدم دستیابی کی شکایات سامنے آئی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ انھیں واپس بھیجا جاسکتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق لوگوں کو بحرِ ایجہ کے دوسرے کنارے بھیجنے کی ذمہ داری یورپی یونین کے ایک ادارے کے پاس ہے۔ اس ادارے کو افرادی قوت کی شدید کمی کا سامنا ہے اورمطلوبہ اہلکاروں کی تعداد کے مقابلے میں ان کے پاس عملے کا محض دسواں حصہ ہے۔
معاہدے کے تحت یونان پہنچنے والے ان تمام افراد کو ترکی واپس بھجوایا جاسکتا ہے جن کی جانب سے پناہ کی درخواست نہیں دی جائے گی یا جن کی درخواست کو رد کر دیا جائے گا۔
ترکی کے لیے مالی اور سیاسی مراعات بھی اس معاہدے کا حصہ ہیں۔
اس منصوبے کے حوالےسے انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ پناہ گزینوں کے لیے ترکی محفوظ ملک نہیں ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ترکی پر الزام لگایا ہے کہ وہ شامی باشندوں کو غیر قانونی طور پر واپس ان کے ملک بھیج رہا ہے، جبکہ ترکی کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی گئی ہے۔
بچوں کے حقوق کی تنظیم سیو دی چلڈرن کی جانب سے اس معاہدے کے لیے ’غیر قانونی اور غیر انسانی‘ کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔ ان کا کہناہے کہ لوگوں نے ان سے کہا ہے کہ اگر انھیں ترکی واپس بھیجا گیا تو وہ خودکشتی کر لیں گے۔
رواں سال مارچ میں معاہدہ طے پانے کے بعد سے تقریباً 400 افراد روزانہ یونان کے جزیروں پر پہنچ رہے ہیں۔
شمالی یورپ کے ممالک کی جانب سے اپنی سرحدیں بند کرنے کے بعد ہزاروں افراد یونان میں پھنس گئے ہیں۔ جبکہ خیمہ بستیوں میں سہولیات کے فقدان کے باعث جھڑپوں کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔
گذشتہ سال سے اب تک بذریعہ کشتی دس لاکھ پناہ گزین ترکی سے یورپ میں داخل ہوئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ان میں سے کئی افراد جرمنی اورشمالی یورپ کے دیگر ممالک کا سفر کرنے کے خواہشمند ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہےکہ یہ معاہدہ پناہ کے متلاشی افراد کو متبادل اور مزید خطرناک راستے اختیار کرنے پر مجبور کر سکتا ہے۔
دوسری جانب اس دوران آسٹریا میں اٹلی کی سرحد کے نزدیک پناہ گزینوں کی حمایت کرنے والے مظاہرین کا پولیس سے آمنا سامنا ہوا ہے۔
یہ واقعہ آسٹریا کے وزیر دفاع کے اس بیان کے بعد پیش آیا کہ داخلے کے اہم مقامات پر فوجیوں کو تعینات کیا جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یورپ کی بیرونی سرحدیں صحیح معنوں میں محفوظ نہیں ہیں۔







