ٹرمپ کا رپبلکن امیدوار کی حمایت سے انکار

ڈونلڈ ٹرمپ اپنے حریف سے ابھی تک کے انتخابات میں بہت آگے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنڈونلڈ ٹرمپ اپنے حریف سے ابھی تک کے انتخابات میں بہت آگے ہیں

رپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کی دوڑ میں پیش پیش ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے علاوہ کسی دوسرے رپبلکن امیدوار کی حمایت سے انکار کیا ہے۔

گذشتہ نومبر میں امیداوری کے لیے حلف میں انھوں نے عہد کیا تھا کہ اگر وہ امیدواری کی دوڑ میں کامیاب نہیں ہوتے تو وہ پارٹی کے ذریعے نامزد امیدوار کی حمایت کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالف ٹیڈ کروز اور جان کیسچ نے اس بات پر واضح انداز میں کچھ کہنے سے گریز کیا ہے کہ دونوں نامزد امیدوار کی حمایت کے لیے متحد ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ تمام رپبلکن امیدواروں نے گذشتہ نومبر میں نامزد امیدوار سے وفاداری کا عہد کیا تھا۔

مسٹر ٹرمپ اور مسٹر کروز کے درمیان یہ نیا تنازع ہے۔ اس سے قبل دونوں ایک دوسرے کی اہلیہ کے معاملے پر تنازعے میں تھے۔

مسٹر کروز کی حمایت والی ایک کمیٹی نے مسٹر ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا کی سنہ 2000 کی برہنہ تصویر شائع کی تھی جس کے جواب میں مسٹر ٹرمپ نے ٹیڈ کروز کی اہلیہ ہیئڈی کی ناگوار تصویر پوسٹ کی تھیں۔

ٹیڈ کروز نے کہا: ’میں ایسے کسی کی حمایت کے لیے تیار نہیں جو میری اہلیہ اور میرے خاندان پر حملہ کرے‘

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنٹیڈ کروز نے کہا: ’میں ایسے کسی کی حمایت کے لیے تیار نہیں جو میری اہلیہ اور میرے خاندان پر حملہ کرے‘

مسٹر ٹرمپ کا دعویٰ ہے رپبلکن پارٹی کے رہنماؤں نے ان کے ساتھ ’ناانصافی روا رکھی ہے،‘ بعض نے ان کی امیدواری کی مخالفت کی ہے تو بعض نے ان کے خلاف آواز بلند کی ہے۔

مسٹر ٹرمپ سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا وہ گذشتہ نومبر میں کیے جانے والے اپنے عہد کے پابند ہیں تو انھوں نے کہا: ’نہیں، اب نہیں۔‘

جب یہی سوال ٹیڈ کروز سے کیا گیا تو انھوں نے براہ راست جواب دینے کے بجائے کہا: ’میں ایسے کسی کی حمایت کے لیے تیار نہیں جو میری اہلیہ اور میرے خاندان پر حملہ کرے۔‘

اس کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ کہا کہ انھیں ٹیڈ کروز کی حمایت کی ضرورت نہیں کیونکہ ’مجھے عوام کی جانب سے براہ راست زبردست حمایت ہے۔‘

ارب پتی تاجر کو ان کے مقابل امیدواروں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔

اس سے قبل منگل کو ٹرمپ کی مہم کے مینیجر کوری لیوانڈوسکی پر ایک صحافی کے ساتھ تشدد کرنے کا الزام ہے۔

مسٹر ٹرمپ کی ریلی میں ایک خاتون صحافی کا بازو پکڑ کر کھینچا گیا

،تصویر کا ذریعہFLORIDA EMNIYETI

،تصویر کا کیپشنمسٹر ٹرمپ کی ریلی میں ایک خاتون صحافی کا بازو پکڑ کر کھینچا گیا

پولیس نے کہا کہ مسٹر لیوانڈوسکی نے بریٹبارٹ کی سابق نامہ نگار میشیل فیلڈس کا بازو پکڑ کر کھینچا جس سے ان کا بازو زخمی ہوگیا۔ وہ مسٹر ٹرمپ سے ایک سوال پوچھنا چاہ رہی تھیں۔

بہر حال تمام تنازعات کے باوجود مسٹر ٹرمپ اپنے مقابل مسٹر کروز سے 465 کے مقابلے 739 مندوبین سے آگے ہیں۔ جبکہ مسٹر کیسچ 143 مندوبین کے ساتھ بہت پیچھے ہیں اور ان کا نامزد ہونا ان کی پہنچ سے باہر ہے۔