کینیڈا: طیارہ حادثے میں سات افراد ہلاک

جہاز منگل کی صبح مونٹیریال کے سینٹ ہبرٹ ایئر پورٹ سے روانہ ہوا تھا
،تصویر کا کیپشنجہاز منگل کی صبح مونٹیریال کے سینٹ ہبرٹ ایئر پورٹ سے روانہ ہوا تھا

کینیڈا میں جزیرہ کیوبیک کے مشرقی ساحل کے آس پاس ایک نجی چھوٹے جہاز کے گر کر تباہ ہونے سے اس میں سوار سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جہاز ایلز ڈیلا میڈیلین ایئر پورٹ پر جب اترنے والا تھا اسی وقت زبرردست ہواؤں اور برفباری کے دوران گر کر تباہ ہوا۔

براڈ کاسٹر اور کینیڈا کے سابق وزیر نقل و حمل زاں لیپیری اور ان کے خاندان کے افراد اس میں سوار تھے جو حادثے میں مارے گئے۔

59 سالہ لیپیری نے سی ٹی وی اور کینیڈا کی دیگر میڈیا کمپنیوں کے لیے سیاسی تجزیہ کار کے طور پر کام کیا۔

اطلاعات کے مطابق لیپیری کے ساتھ ہی ان کی اہلیہ، ان کے دو بھائی اور ان کی بہن اس حادثے میں ہلاک ہوئے جو مسٹر لیپیری کے والد کے جنازے میں شرکت کے لیے سفر پر تھے۔

لیپیری 1979 سے 1993 اور پھر 2004 سے 2007 تک کینیڈا کی پارلیمان کے رکن بھی رہے تھے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter

ملک کے سابق وزیراعظم پال مارٹن نے اس موقع پر کہا ’وہ بہت اچھے سیاسی تجزیہ کار تھے، وہ بہترین میں سے ایک تھے، لیکن وہ اس ملک کی ایک اعلی سیاسی شخصیت بھی تھے اور ان کے ساتھ کام کرنا اعزاز کی بات ہے۔‘

سکیورٹی حکام اب جائے حادثہ پر پہنچ کر یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کا طیارے کے تباہ ہونے کی کیا وجوہات ہوسکتی ہیں۔

جہاز منگل کی صبح مونٹیریال کے سینٹ ہبرٹ ایئر پورٹ سے روانہ ہوا تھا۔