امیدوار کشیدگی کو ہوا نہ دیں: اوباما کی تنبیہ

ڈونلڈ ٹرمپ نے شکاگو میں اپنے حامیوں اور احتجاج کرنے والے لوگوں کے درمیان لڑائی ہو جانے کے بعد اپنی ریلی منسوخ کر دی تھی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنڈونلڈ ٹرمپ نے شکاگو میں اپنے حامیوں اور احتجاج کرنے والے لوگوں کے درمیان لڑائی ہو جانے کے بعد اپنی ریلی منسوخ کر دی تھی

امریکی صدر براک اوباما نے ملک کے آئندہ صدر کے لیے انتخابی دوڑ میں شامل امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ کشیدگی کو فروغ دینے سے بچیں۔

شکاگو میں ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی منسوخ کیے جانے کے بعد صدر اوباما نے یہ بیان جاری کیا ہے۔

<link type="page"><caption> اسلام سے ’نفرت‘ پر ٹرمپ اور مارکو روبیو آمنے سامنے</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2016/03/160311_donald_trump_marco_rubio_sz.shtml" platform="highweb"/></link>

اوباما نے کہا کہ امیدواری کے دعویدار ’دوسرے امریکیوں کی توہین نہ کریں اور پر تشدد نہ ہوں۔‘

ری پبلیکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے شکاگو میں اپنے حامیوں اور احتجاج کرنے والے لوگوں کے درمیان لڑائی ہو جانے کے بعد اپنی ریلی منسوخ کر دی تھی۔

ٹرمپ کے مخالفین ان پر اشتعال انگیز بیان بازی کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔

اوباما نے سنیچر کو ڈلاس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے چندہ جمع کرنے کے لیے رکھے گئے ایک پروگرام میں انتخابی دعویداروں کو نصیحت کی۔

انھوں نے کہا، ’انتخابی دوڑ میں شامل لوگوں کی توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ ہم چیزوں کو بہتر کیسے کر سکتے ہیں۔‘

اوباما نے کہا، ’وہ توہین نہ کریں، اسکول کے بچوں کی طرح طنز نہ کریں اور نسل اور مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم نہ کریں۔‘

اپنی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے تارکین وطن کے خلاف موقف اپنایا ہے اور میکسیکو سے ملحق امریکی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کی بات کی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے نفرت انگیز بیان کے استعمال یا تقسیم کی حوصلہ افزائی کرنے میں کردار ادا کرنے کو مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں بڑی تعداد میں لوگوں کی قیادت کرتا ہوں جن میں شدید غصہ ہے۔ دونوں جانب شدید غصہ پایا جاتا ہے۔‘

خیال رہے کہ امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ تین مزید ریاستوں مشی گن، مسیسپی اور ہوائی سے بھی کامیاب ہوگئے ہیں۔

رپبلکن پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل مارکو روبیو نے ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں ایک ٹیلی ویژن مباحثے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے یہ کہنے پر کہ اسلام ’امریکہ سے نفرت کرتا ہے‘ اُن پر سخت تنقید کی تھی۔