لندن کے میئر یورپی یونین کو خیر آباد کہنے کے حق میں

یورپی یونین کا حصہ رہنے یا اس سے نکل جانے سے متعلق ریفرنڈم رواں سال 23 جون کو کروایا جائے گا

،تصویر کا ذریعہPA

،تصویر کا کیپشنیورپی یونین کا حصہ رہنے یا اس سے نکل جانے سے متعلق ریفرنڈم رواں سال 23 جون کو کروایا جائے گا

بی بی سی کو ملنے والی معلومات کے مطابق لندن کے میئر بورس جانسن برطانیہ کے یورپی یونین سے نکل جانے کے حق میں مہم چلائیں گئے۔

اس سے قبل بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں برطانیہ کے وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے لندن کے میئر سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کا ساتھ دیں اور برطانیہ کے یورپی یونین کا حصہ رہنے کے حق میں مہم چلائیں۔

لندن کے میئر اتوار کی رات باضابطہ طور پر اس بات کی تصدیق کریں گے کہ وہ برطانیہ کے ای یو سے نکل جانے یا اس کا حصہ رہنے کے حق میں مہم چلائیں گے۔

ادھر وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون کی کابینہ کے سینیئر وزیر ایئن ڈینکن سمتھ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کا حصہ رہنے سے برطانیہ میں بھی پیرس کی طرز کے دہشت گرد حملوں کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

خیال رہے کہ کابینہ کے کچھ وزرا کی خواہش ہے کہ برطانیہ یورپی یونین کا حصہ رہے جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کو خیر آباد ہی کہہ دینا ملک کے مفاد میں ہے۔

ایئن ڈینکن سمتھ کا شمار ان وزرا میں ہوتا ہے جو برطانیہ کے ای یو سے نکل جانے کے حق میں مہم چلا رہے ہیں۔

برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے سنیچر کو اعلان کیا تھا کہ یورپی یونین کا حصہ رہنے یا اس سے نکل جانے سے متعلق ریفرنڈم رواں سال 23 جون کو کروایا جائے گا۔