ڈاکٹروں کا پناہ گزین بچی کو ہسپتال سے فارغ کرنےسےانکار

،تصویر کا ذریعہReuters
آسٹریلیا میں زیرِ علاج پناہ گزین بچی کو ملک بدری سے بچانے کے لیے ڈاکٹروں کی جانب سے اسے ہسپتال سے فارغ نہ کرنے کے فیصلے کی حمایت میں بڑی تعداد میں لوگوں نے ہپستال کے باہر مظاہرہ کیا ہے۔
برسبین کے شہر میں واقع لیڈی سیلینٹو ہسپتال کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک اس ایک سالہ بچی کے رہنے کے لیے مناسب گھریلو ماحول انتظام نہیں ہو جاتا اسے ہسپتال سے فارغ نہیں کیا جائے گا۔
سیاسی پناہ کے متلاشی ماں باپ کی اس بچی کو تارکینِ وطن کے لیے نورو جزائر پر قائم کیمپ میں جھلس جانے کے باعث شدید زخم آئے تھے۔
آسٹریلوی حکومت کا موقف ہے کہ ملک میں غیر قانونی تارکینِ وطن کی آمد کو روکنے کے لیے جزیرے پر قائم کیا گیا حراستی مرکز ضروری ہے۔
اس بچی کے لیے مہم چلانے والے گروہ ’گیٹ اپ‘ کے ترجمان ایلن رابٹز کا کہنا ہے کہ ’ مظاہرین اس بچی کے والدین اور ہسپتال کے ساتھ یکجہتی کے لیے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ ہم وزیراعظم میلکم ٹرن بل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ منصفانہ فیصلہ کریں اور اس خاندان کو ملک میں رہنے دیں۔‘
خیال رہے کہ نورو جزائر پر قائم حراستی مرکز میں تقریباً 500 تارکینِ وطن رہائش پذیر ہیں۔
گذشتہ برس پارلیمنٹ کی ایک کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ حراستی مرکز رہنے کے لیے محفوظ نہیں ہے اور وہاں پر موجود تارکینِ وطن کا جانب سے ریپ اور غیر مناسب سلوک کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آسٹریلیا کے نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق یہ بچی حراستی مرکز کے ایک ٹینٹ میں اپنے والدین کے ساتھ مقیم تھی جہاں پر گرم پانی کے گرنے کے باعث یہ جھلس گئی تھی۔







