صدر سیسی کے راستے میں سرخ قالین بچھانے پر تنقید

 مصر میں صدر سیسی پر میڈیا کی جانب سے شاذ ونادر ہی تنقید کی جاتی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشن مصر میں صدر سیسی پر میڈیا کی جانب سے شاذ ونادر ہی تنقید کی جاتی ہے

مصر کے صدر السیسی کے گاڑیوں کے قافلے کے راستے میں سرخ قالین بچھانے پر ملک میں تنقید کی جا رہی ہے۔

سنیچر کو یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مصر کے صدر قاہرہ کے ایک مضافاتی علاقے میں جاری کچھ تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے جا رہے تھے۔

ایک ایسے وقت میں جب حکومت اخراجات میں کمی کی بات کر رہی ہے، مبصرین اس ظاہری اسراف کے بارے میں سوال اٹھا رہے ہیں۔

دوسری جانب فوج نے اس واقعے کے بارے میں کہا ہے کہ سرخ قالین لوگوں کو خوش کرنے کے لیے بچھایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ مصر میں صدر سیسی پر میڈیا کی جانب سے شاذ و نادر ہی تنقید کی جاتی ہے۔

نامور میڈیا شخصیات نے اس بات کا مذاق اڑایا ہے کہ یہ تصاویر صدر سیسی کی جانب سے حکومتی اخراجات میں کمی کے حوالے سے کی جانے والی تقریر سے کچھ دیر قبل نشر کی گئی ہیں۔

صدر سیسی نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ حکومت کم آمدنی والے لوگوں کو پانی اور بجلی کے بلوں پر مزید رعایت نہیں دے سکتی۔

مصر کے مشہور ٹی وی میزبان یوسف الحسینی کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ اس قالین پر خرچ کی جانے والی رقم سے غریب لوگوں کے لیے گرم کپڑے خریدے جا سکتے تھے۔

اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ قالین قیمتی نہیں ہے اور اسے پہلے بھی استعمال کیا جا چکا ہے اور مستقبل میں ہونے والی تقاریب میں بھی استعمال کیا جائے گا۔