دومہ آتشزنی: دو اسرائیلیوں پر فردِ جرم عائد

،تصویر کا ذریعہEPA
مقبوضہ غرب اردن میں ایک فلسطینی خاندان کے مکان کو آگ لگانے کے معاملے میں اسرائیلی حکام نے دو اسرائیلی باشندوں پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
آتشزنی کا یہ واقعہ 31 جولائی کو نابلس کے قریب دومہ نامی گاؤں میں پیش آیا تھا جس میں سعد الدوابشہ نامی شخص کے مکان کو رات گئے آگ لگائی گئی تھی اور مکان کے قریب عبرانی زبان میں ’انتقام‘ کا لفظ بھی تحریر کیا گیا تھا۔
اسرائیل میں استغاثہ نے 21 سالہ امیرام بن اولیل پر اس معاملے میں قتلِ عمد اور ان کے ایک ساتھی پر قتل میں ساتھ دینے کے الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کی ہے۔
ان کے علاوہ کم از کم دو افراد پر فلسطینیوں پر حملوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
آتشزنی کے واقعے میں سعد کا ڈیڑھ سالہ بچہ علی سعد جل کر ہلاک ہو گیا تھا جبکہ وہ خود، ان کی اہلیہ اور ایک بیٹا شدید زخمی ہوئے تھے۔
اس واقعے کی فلسطین کے علاوہ عالمی سطح پر بھی مذمت کی گئی تھی اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ فلسطینی بچے کے قاتلوں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نتن یاہو نے اس حملے کو دہشت گردی کی واردات قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی میں کوئی لچک نہیں دکھائی جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم سعد الدوابشہ کے بھائی نصر نے اسرائیلی حکام کی جانب سے اس مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم پر یقین کرنے سے انکار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’ہمیں اسرائیلی عدالتوں پر یقین نہیں۔ اگر عالمی دباؤ نہ ہوتا تو یہ تو تحقیقات ہی شروع نہ کرتے۔‘
اس معاملے کی تحقیق کرنے والوں کی توجہ کا مرکز مقبوضہ غربِ اردن کے نوجوان یہودی آبادکار تھے۔
استغاثہ کا کہنا ہے کہ بن اولیل نے یہ حملہ ایک اسرائیلی آباد کار کی ہلاکت کے خلاف انتقام کے طور پر کیا۔
تاہم اس حملے میں ملوث ہونے کے شبہے میں زیرِ حراست افراد میں سے چند کے وکلا کا کہنا ہے کہ ان کے موکلین پر تشدد کر کے اعترافِ جرم کروایا گیا ہے۔ اسرائیلی حکام نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔







