’انبار میں اتحادی طیاروں کی بمباری سے عراقی فوجی ہلاک‘

اتحادی افواج کے طیاروں نے عراقی فوج کی جانب سے مدد کی درخواست پر تین فضائی حملے کیے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناتحادی افواج کے طیاروں نے عراقی فوج کی جانب سے مدد کی درخواست پر تین فضائی حملے کیے

امریکی فوج نے کہا ہے کہ عراق میں دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف امریکہ کی زیرِ قیادت اتحاد کے جنگی طیاروں کی بمباری کی زد میں آ کر ممکنہ طور پر عراقی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

فوج کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ابتدائی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امکان ہے کہ ایک فضائی حملے کے نتیجے میں عراقی فوجیوں کی ہلاکت ہوئی۔‘

عراق کے جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے کہا ہے کہ اس واقعے میں ایک افسر اور نو جوان ہلاک یا زخمی ہوئے۔‘

عراقی افواج صوبہ انبار میں دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں سے برسرِپیکار ہیں۔

جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کے مطابق یہ فضائی حملہ فلوجہ کے نزدیک کیا گیا اور اس سے دونوں جانب جانی نقصان ہوا ہے۔

انبار میں دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف ’آپریشن انہیرنٹ ریزالوو‘ کے آغاز کے بعد سے ’فرینڈلی فائر‘ کا یہ پہلا واقعہ ہے

،تصویر کا ذریعہUS Airforce

،تصویر کا کیپشنانبار میں دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف ’آپریشن انہیرنٹ ریزالوو‘ کے آغاز کے بعد سے ’فرینڈلی فائر‘ کا یہ پہلا واقعہ ہے

کمان کے مطابق عراقی فوج کے زمینی دستے فلوجہ کے نزدیک دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کی پوزیشنوں کی جانب پیش قدمی کر رہے تھے لیکن خراب موسم کی وجہ سے عراقی فضائیہ ان کی مدد سے قاصر تھی۔

عراقی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اتحادی افواج کے طیاروں نے عراقی فوج کی جانب سے مدد کی درخواست پر دو فضائی حملے کیے جن کے بعد عراقی فوج کی پیشقدمی میں تیزی آئی۔

جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ’تیسرے حملے کے وقت اس بات کا اندازہ نہیں لگایا گیا کہ عراقی فوج کتنا آگے بڑھ چکی ہے اور اس حملے کا نتیجہ ہمارے فوجیوں کے بھی زخمی ہونے کی صورت میں نکلا۔‘

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ صوبہ انبار میں دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف ’آپریشن انہیرنٹ ریزالوو‘ کے آغاز کے بعد سے ’فرینڈلی فائر‘ کا یہ پہلا واقعہ ہے۔