’مجھے اپنے مسلح ہمسایے سے زیادہ ڈر ہو گا‘

،تصویر کا ذریعہTwitter

امریکہ میں صدارتی الیکشن کے لیے رپبلکن پارٹی کی جانب سے نامزدگی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر ’مکمل‘ پابندی کا مطالبہ کیا تو سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل سامنے آیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر امریکہ ہی نہیں دنیا بھر سے لوگوں نے تنقید کی جن میں سے کئی نے انھیں ہٹلر سے تشبیہ دی اور ان پر نفرت پھیلانے اور اکسانے جیسے الزامات لگائے۔

بنتِ شبیر نے ٹویٹ کی کہ ’وہ کہتے ہیں کہ ہم ایک جدید معاشرہ ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ان میں سے بہت سے اب تک ہٹلر کے دور سے آگے نہیں بڑھے۔ کیا ہم نے کچھ نہیں سیکھا؟‘

کیوِن رائٹ نے لکھا کہ ’ اگر میں امریکہ میں ہوتا تو اپنے بندوق بردار ہمسائے سے زیادہ پریشان ہوں گا نہ کہ دہشت گردوں سے۔‘

شون مک لولن اور میکسیمس نے لکھا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ کی نسل پرستانہ، غیر ملکیوں سے نفرت پر مبنی خرافات سے زیادہ خوفناک بات یہ ہے کہ بہت سے لوگ ہیں جو اس پر یقین رکھتے ہیں۔‘

جبکہ ایک اور ٹوئٹر صارف اپ رائٹ سٹیزن نے لکھا: ’ڈونلڈ ٹرمپ ایک ایسا مذاق ہے جو اب مزاحیہ نہیں رہا۔ یہ مسخرہ اب خطرناک ہو رہا ہے جو اب غیرملکیوں سے نفرت پھیلا رہا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter

ان سے اتفاق کرنے والے بھی بہت سے تھے جیسا کہ ارُن شرما جنہوں نے لکھا: ’تمام مسلمان خطرناک نہیں ہیں مگر خطرناک لوگ ان میں گھُل مل سکتے ہیں تو اگر وہ محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو یہ بیان بہت مناسب ہے۔‘

سندیپ نے لکھا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ واحد شخص ہیں جو بغیر منافقت کے سچ بولتے ہیں۔ وہ بے شک سیاسی طور پر درست باتیں نہ کہہ رہے ہوں مگر وہ درست کہہ رہے ہیں۔‘

خالد غونیم نے لکھا: ’پہلے لگتا تھا کہ رپبلکن پارٹی کے صفِ اول کے رہنما کی باتیں دلچسپ ہوتی تھیں مگر اب دکھ ہوتا ہے، وہ بہت ہی بے ڈھنگی باتیں کر رہے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter

بکمین نے لکھا کہ ’آج کی اہم بات یہ ہے کہ آپ رپبلکن پارٹی کے صفِ اول کے صدارت کے خواہشمند رہنما سے زیادہ ذہین ہیں۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ کو اس سے قبل جواب دینے والے ایک مسلمان میرین رفیق کا جواب انٹرنیٹ پر بہت وائرل ہوا تھا۔ انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: ’ڈیئر ڈونلڈ ٹرمپ میں ایک مسلمان امریکی میرین ہوں جو کام کے سلسلے میں ملک سے باہر ہوں۔ میں جو مرضی ہو واپس آ رہا ہوں۔‘

رفیق کی ٹویٹ پر انھیں بہت سے لوگوں نے جوابات لکھے جن میں سے ایک خاتون گلوریا نے لکھا: ’آپ کو ہماری حمایت حاصل ہے۔ امریکہ آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ یہ امیدوار وہ نہیں ہیں جو ہم ہیں،‘ جبکہ شیری بیئرڈن نے لکھا: ’آپ ضرور آئیں ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔‘