ایئرفرانس کو پیرس حملوں سے پانچ کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا نقصان

،تصویر کا ذریعہAFP
فرانس کی ایئرلائن کے ایل ایم نے کہا ہے کہ پیرس میں دہشتگرد حملوں کی وجہ سے اسے پانچ کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ پیرس میں دہشت گرد حملوں میں 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
البتہ ایئرلائن نے کہا ہے کہ اسے توقع ہے دہشت گرد حملوں کے اثرات رواں سال دسمبر تک زائل ہو جائیں گے۔
ایئرلائن گروپ نے کہا کہ حملوں نے پیرس آنے اور جانے والی پروازوں کو اچھا خاصا متاثر کیا۔
پیرس حملوں سے پہلے پیرس آنے والے مسافروں کی تعداد گذشتہ برس سے زیادہ تھی۔
اپنے ماہانہ ٹریفک اپ ڈیٹ میں ایئرفرانس کے ایل ایم نے کہا کہ ایئرلائن کے لیے پیرس حملوں کا مجموعی نقصان پانچ کروڑ 40 لاکھ ڈالرہے لیکن تازہ رجحانات حوصلہ افزا ہیں۔
پچھلے ہفتے رائن ایئر نے کہا تھا کہ پیرس جانے والی مسافروں کی تعداد میں کمی کی وجہ سے انھوں نے کرایوں میں کمی کی ہے۔
اس کے علاوہ شمالی یورپ کی ایئرلائن ایس اے ایس نے بھی کہا ہے کہ پیرس اور برسلز جانے والے مسافروں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔



