شکاگو کے سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کی ویڈیو جاری

امریکی حکام نے پولیس کار کے کیمرے سے بنائی گئی وہ ویڈیو جاری کی ہے جس میں امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو میں ایک سفید فام پولیس اہلکار کو سیاہ فام نوجوان پر گولیاں چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
17 سالہ سیاہ فام لیکوئن میکڈونلڈ کو 16 گولیاں مار کر ہلاک کرنے والے سفید فام پولیس افسر پر جیسن وین ڈائیک قتلِ عمد کے الزام کے تحت مقدمہ چلے گا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لیکوئن پولیس اہلکاروں سے دور جانے کی کوشش کرتا ہے اور پھر اہلکار اس پر گولی چلا دیتا ہے۔
ملزم پولیس اہلکار کے مطابق نوجوان نے اپنے ہاتھ میں موجود چُھری پھینکنے سے انکار کر دیا تھا اور انھیں اس سے خطرہ محسوس ہوا تھا۔
جیسن وین ڈائیک نے اپنے وکیل اور پولیس یونین کے ذریعے کہا ہے کہ انھیں اپنی زندگی کے حوالے سے خدشات لاحق ہیں۔
ویڈیو جاری ہونے کے بعد فسادات پھوٹنے کے خدشے کے پیشِ نظر شکاگو کے میئر رام ایمونیئل نے شہریوں سے پُرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
کئی ماہ سے افریقی نژاد امریکیوں پر پولیس کی جانب سے ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال ملک گیر احتجاج کا موضوع ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شکاگو کے حکام اس ویڈیو کے جاری ہونے کے بعد ممکنہ مظاہروں کے لیے خود کو تیار کررہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAP
پیر کی رات منیاپولس میں ایسے ہی ایک مظاہرے کے دوران تشدد کے بعد صورتحال اس وقت بگڑی جب تین سفید فام افراد کی جانب سے ایک ریلی پر فائرنگ شروع کردی گئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
شکاگو کیس میں پوسٹ مارٹم رپورٹ سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ میکڈونلڈ کی کمر میں کم از کم دو بار گولی ماری گئی۔
ریاستی وکیل انیتا الوریس کا کہنا ہے کہ پولیس افسر کی جانب سے نوجوان کو ہلاک کرنے کا کوئی ٹھوس جواز موجود نہیں تھا۔
کیوں کہ اُن کے مطابق سنہ 2014 میں جب یہ واقع پیش آیا اور میکڈونلڈ کو پولیس کی جانب سے روکا گیا تو اُن کے ہاتھ میں ایک چُھری موجود تھی لیکن وہ اس چھری سے نہ ہی پولیس کو دھمکا رہے تھے اور نہ ہی پولیس کی جانب بڑھ رہے تھے۔
وکیل نے مزید بتایا کہ وین ڈائیک نے وہاں پہنچنے کے لمحوں بعد ہی اُس نوجوان پر گولیاں برسانا شروع کردی اور اُس وقت تک برساتے رہے جب تک میکڈونلڈ زمین پر نہ گرگئے۔
شکاگو کی پولیس یونین نے اس ویڈیو کے اجرا کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ویڈیو جیوری کے فیصلے پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔
شکاگو پولیس کا کہنا ہے میکڈونلڈ نے چُھری سے پولیس افسران کو دھمکایا اور گشت پر موجود پولیس کی ایک گاڑی کے پہیوں اور کھڑکیوں پر اس چُھری کی مدد سے ضربیں بھی لگائیں۔







