ہمیں بھی اتنا ہی صدمہ ہے: پاکستان سے وائرل ویڈیو

پاکستان سے جاری ہونے والی ایک وائرل ویڈیو میں پانچ نوجوانوں نے کہا ہے کہ وہ پریس حملوں کے بارے میں ’معذرت خواہ‘ نہیں ہیں

،تصویر کا ذریعہPakistani Comedians

،تصویر کا کیپشنپاکستان سے جاری ہونے والی ایک وائرل ویڈیو میں پانچ نوجوانوں نے کہا ہے کہ وہ پریس حملوں کے بارے میں ’معذرت خواہ‘ نہیں ہیں

دنیا بھر سے مسلمانوں نے فرانس میں حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور پیغامات شائع کیے ہیں۔

گذشتہ جمعے کی رات کو جب پیرس میں سلسلہ وار حملوں کی اطلاعات سامنے آنا شروع ہوئیں تو 90 ہزار سے زائد لوگوں نے ایک پرانے ہیش ٹیگ ’ناٹ اِن مائی نیم‘ یعنی ’میرے نام پر نہیں‘ کو دوبارہ بحال کر دیا۔

اس سے قبل اس ہیش ٹیگ کو گذشتہ سال استعمال کیا گیا تھا جب لوگوں نے اسلام کے نام پر کی گئی انتہا پسندی کی مذمت کی تھی۔

اس کے علاوہ لاکھوں لوگوں نے ’مسلمز آر ناٹ ٹیررسٹس‘ یعنی ’مسلمان دہشت گرد نہیں ہیں‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا تھا۔

دنیا بھر سے کئی لوگوں نے پیرس کے شہریوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کے لیے اپنے پیغامات بھیجے ہیں۔

<link type="page"><caption> پاکستانیوں نے کہا: ’ہم اُتنے ہی دہشت زدہ اور صدمے میں ہیں۔‘</caption><url href="https://www.facebook.com/PakistaniComedians/videos/1491396007857238" platform="highweb"/></link>

پاکستان سے جاری ہونے والی ایک <link type="page"><caption> وائرل ویڈیو </caption><url href="https://www.facebook.com/PakistaniComedians/videos/1491396007857238" platform="highweb"/></link>میں پانچ نوجوانوں نے کہا ہے کہ وہ پیرس حملوں کے بارے میں ’معذرت خواہ‘ نہیں ہیں اور ’ہماری طرح ہونے کا دعویٰ کرنے والے کچھ پاگل لوگوں کی وجہ سے ہمیں ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔‘

اپنی ویڈیو میں انھوں نے بیان کیا ہے کہ وہ دنیا کے لوگوں سے مختلف نہیں ہیں اور یہ کہ انھیں بھی صبح کو اپنی کافی نہ ملنے پر غصہ آتا ہے، اور اگر وہ ’کسی چیز کو کاٹتے ہیں تو وہ ایک سٹیک ہوتا ہے۔‘

لیکن ویڈیو کے پس منظر میں جب جان لینن کا مشہور گانا ’اِمیجن‘ چلتا ہے تو یہ پانچ نوجوان سنجیدگی سے کہتے ہیں: ’ہم آپ لوگوں کی طرح ہی ہیں۔ ہمارے بھی وہی بنیادی مسائل ہوتے ہیں جو آپ کے ہیں۔ ہماری بھی وہی امیدیں، خواہشات، خواب اور عزائم ہیں جو آپ کے ہیں۔‘

یہ نوجوان کہتے ہیں کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت فرانسیسی لوگوں پر کیا گزر رہی ہے۔

گذشتہ سال پاکستان میں 132 طلب علموں کو طالبان نے قتل کیا تھا جس کے بعد افسوس کی لہریں پھیل گئیں تھیں۔

ان پانچ نوجوانوں نے کہا: ’دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر مسلمان ہیں۔‘