’رپبلکنز بیواؤں اور یتیموں کے امریکہ آنے پر خوفزدہ ہیں‘

،تصویر کا ذریعہAP
امریکی صدر براک اوباما نے امریکہ میں شامی پناہ گزینوں کے داخلے پر پابندی کا مطالبہ کرنے پر رپبلکن پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اوباما نے کہا: ’ایسا لگتا ہے کہ وہ بیواؤں اور یتیموں کے امریکہ آنے پر خوفزدہ ہیں۔‘
<link type="page"><caption> متعدد امریکی ریاستوں کے شامی تارکین وطن پر ’دروازے بند‘</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2015/11/151116_us_states_halt_syrian_refugees_zz.shtml" platform="highweb"/></link>
براک اوباما نے کہا کہ رپبلکنز کی بلند بانگ بیان بازی دولت اسلامیہ میں بھرتی کرنے کے لیے محرک اور حربہ ثابت ہو سکتی ہے۔
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ میں پناہ گزینوں کے ممکنہ داخلے کی سکریننگ سخت ہے اور امریکہ ’ہسٹیریا یا اعصابی دباؤ یا مبالغہ آمیز خطرات پر مبنی اچھے فیصلے نہیں کرتا۔‘
صدر اوباما نے کہا: ’ہم لوگ دہشت گردانہ حملے کے وقت اچھے نہیں رہتے اور خوف و ہراس میں ڈوب جاتے ہیں۔‘
اس سے قبل ایوان نمائندگان کے رپبلکن سپیکر پال رائن نے ہزاروں شامی پناہ گزینوں کو امریکہ میں اجازت دینے کے حکومتی فیصلے کو روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔
مسٹر رائن نے کہا ہے کہ انھیں اس ہفتے کے آخر میں شامی پناہ گزینوں پر عارضی روک کے مطالبے کا قانون پیش کرنے کی امید ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہEPA
خیال رہے کہ ایک درجن سے زائد ریاستوں کے گورنروں نے پیرس حملے کے پیش نظر پہلے ہی کہہ رکھا ہے کہ وہ شامی پناہ گزینوں کو اپنے یہاں داخل نہیں ہونے دیں گے۔
گذشتہ ہفتے پیرس میں ہونے والے حملے میں 129 افراد مارے گئے تھے ان کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے قبول کی تھی۔
اس حملے کے جواب میں کانگریس میں موجود اور سنہ 2016 کے لیے صدارت کی دوڑ میں شامل رپبلکن رہنماؤں نے شامی پناہ گزینوں کے لیے امریکی سرحدوں کے دروازے بند کرنے کی بات کہی تھی لیکن اوباما انتظامیہ شام کے دس ہزار مزید پناہ گزینوں کو اپنے ملک میں رہنے کی اجازت دینے کے فیصلے پر قائم ہے۔
اوباما نے جیب بش کو آڑے ہاتھوں لیا جنھوں نے کہا تھا کہ صرف عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والے شامیوں ہی کو اجازت ملنی چاہیے۔ بعد میں بش نے کہا کہ وہ عیسائیوں کو ترجیح دینے کی بات کرتے ہیں تاہم اچھی طرح سے جانچ کیے جانے والے مسلمانوں کے بھی خلاف نہیں ہیں۔
تاہم اوباما نے کہا کہ صرف عیسائیوں کو اجازت دینا ’سیاسی بازی گری‘ ہے جو امریکی اقدار کے خلاف ہے۔







