’خراب دانتوں کا اثر میدان میں کارکردگی پر‘

برطانوی محققین کا کہنا ہے کہ پیشہ ور فٹبالروں کی بڑی تعداد کے دانتوں کی خرابی میدان میں ان کی کارکردگی پر بھی اثرانداز ہو سکتے ہیں۔

دانتوں کی خرابی کی ایک ممکنہ وجہ کھلاڑیوں کی جانب سے باقاعدگی سے میٹھی اشیا کا استعمال بتائی گئی ہے۔

یونیورسٹی کالج لندن کے انٹرنیشنل سینٹر فار ایویڈینس بیسڈ اورل ہیلتھ نے 187 کھلاڑیوں کے دانتوں کا جائزہ لیا جن میں مانچسٹر یونائیٹڈ، ساؤتھمپٹن، سوانزی، ویسٹ ہیم، برائٹن، کارڈف اور شیفیلڈ یونائیٹڈ جیسے کلبوں کے کھلاڑی شامل تھے۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ 53 فیصد کھلاڑیوں کے دانتوں بھربھرے ہو گئے تھے، 45 فیصد کھلاڑی اپنے دانتوں کی وجہ سے پریشان تھے اور سات فیصد نے کہا کہ خراب دانتوں کی وجہ سے ان کی تربیت اور کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔

اس کے علاوہ 40 فیصد کھلاڑی دانتوں میں کیڑا لگنے کی بیماری سے دوچار تھے، جب کہ عام آبادی میں یہ شرح 30 فیصد ہوتی ہے۔

اس تحقیق کے ایک محقق پروفیسر ایئن نیڈل من نے بی بی سی کو بتایا: ’یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے آپ پر بہت پیسے خرچ کرتے ہیں، اس لیے یہ نتائج حیران کن ہیں۔‘

کھلاڑیوں کے دانتوں کی خرابی کی ممکنہ وجہ نامناسب غذائیت ہے۔ تربیت کے دوران وہ توانائی پانے کے لیے میٹھی اشیا بار بار کھاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے دانت خراب ہو جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ ورزش کے دوران زیادہ ہوا جانے سے منھ سوکھ جاتا ہے جس سے دانتوں کو لعاب سے ملنے والی حفاظت میں بھی کمی آتی ہے۔