’کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھا جائے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی کے لیے ہونے والے مذاکرات سے قبل ممبئی میں بی سی سی آئی کے دفتر پر شیوسینا کے حملے کی سنگینی کو کرکٹرز نے بھی شدت سے محسوس کیا ہے اور ان کا خیال ہے کہ اس طرح کے واقعات کے تباہ کن اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سیاست کو ہر صورت میں کھیل سے الگ رکھنا چاہیے اور کھیل کو کھیل کے طور پر دیکھنا چاہیے ۔
انھوں نے کہا کہ یہ صرف پاکستان اور بھارت کی بات نہیں ہے بلکہ اس طرح کا واقعہ کہیں بھی ہو وہ افسوس ناک ہے۔ہمیں اسپورٹس مین اسپرٹ دکھانے کی ضرورت ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش جس انداز میں ملتوی یا منسوخ کیا گیا وہ بھی افسوس ناک ہے ہم کرکٹرز ہر جگہ کھیلنا چاہتے ہیں اور ہم کسی بھی قسم کی سیاست کرکٹ میں دیکھنا نہیں چاہتے۔
مصباح الحق سے پوچھا گیا کہ موجودہ صورتحال میں کیا پاکستانی ٹیم کی بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت خطرے میں دکھائی دیتی ہے تو ان کا جواب تھا کہ موجودہ صورتحال خاصی تشویش کا باعث ہے۔
تاہم آنے والے دنوں میں کیا ہونے والا ہے اس بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن ان حالات میں کھلاڑی یقیناً پریشان ہوتے ہیں۔
وہ اپنی کرکٹ کسی خاص جگہ تک محدود رکھنا نہیں چاہتے بلکہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ہر جگہ ہر ایک سے کھیلیں اور کھیل سے لطف اٹھائیں۔



