’کیا کسی کی چرس کھو گئی ہے؟‘

ناروے کی پولیس نے چرس کے پیکٹ کے مالک کو اپنی شناخت ظاہر کرنے کی دعوت دی ہے جس سے سوشل میڈیا پر لوگ بہت محظوظ ہوئے ہیں

،تصویر کا ذریعہNorway Police

،تصویر کا کیپشنناروے کی پولیس نے چرس کے پیکٹ کے مالک کو اپنی شناخت ظاہر کرنے کی دعوت دی ہے جس سے سوشل میڈیا پر لوگ بہت محظوظ ہوئے ہیں

ناروے میں پولیس نے ایک غیر معمولی اپیل کر کے لوگوں کو حیران کر دیا جس میں انھوں نے ایک کھوئے ہوئے چرس کے پیکٹ کے مالک کو ڈھونڈنے کی کوشش کی۔

مرکزی ناروے کے جزائر ہترا اور فرویا کی مقامی پولیس نے فیس بک پر اپنے صفحے پر پیکٹ میں بند چرس کی تصاویر لگائی جس کے ساتھ انھوں نے یہ پیغام لکھا: ’کیا کسی کی چرس کھو گئی ہے؟‘

یہ پیکٹ فیلان کے علاقے میں ایک شخص کو ملا تھا اور پولیس کا کہنا ہے کہ اس پیکٹ میں 90 گرام چرس موجود ہے، جس کی قیمت کم از کم ایک ہزار ڈالر ہے۔

چرس کے پیکٹ سے متعلق پولیس نے اپنے فیس بک کے صفحے پر لکھا: ’یہ کافی زیادہ رقم ہے اس لیے جس کی بھی چرس گم ہوئی ہے وہ ہترا میں شیرف کے دفتر سے رابطہ کر سکتا ہے۔‘

لیکن اس پیکٹ کا مالک پولیس سے رابطہ کرنے سے پہلے اچھی طرح غور کرے گا۔ ناروے میں چرس جیسی منشیات غیر قانونی ہیں اور جس شخص کے پاس بھی پانچ گرام سے زیادہ چرس ملتی ہے، اسے اکثر عدالت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

پولیس کی فیس بک پوسٹ نے کئی نارویجینوں کو محظوظ کیا ہے اور اسے اب تک دس ہزار سے زائد لائیکس مل چکے ہیں۔

ایک شخص نے پولیس کی فیس بک پوسٹ کے رد عمل میں لکھا: ’کیا اس پیکٹ کو کوئی گمنام شخص لینے جا سکتا ہے؟‘