ملکہ اور میں: 63 سال کی کچھ یادیں
برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم نو ستمبر کو برطانیہ کی تاریخ کی طویل ترین عرصے تک حکمراں رہنے والی ملکہ بن رہی ہیں۔ اس طرح وہ ملکہ وکٹوریہ کا 63 سال اور 216 دن مسلسل ملکہ رہنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
اس تاریخی موقعے پر بی بی سی کے قارئین و ناظرین نے ملکۂ برطانیہ کے بارے میں اپنے کچھ ’یادگار‘ لمحات بیان کیے ہیں۔

1) میری بیٹی ساسکیا نے ملکہ کو گلدستہ پیش کیا جو پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت نہیں تھا۔ یہ گلدستہ میری بیٹی نے ملکہ کو لیورپول کے ایلرٹن ریلوے سٹیشن پر پیش کیا۔ یہ ایک شاندار موقع تھا۔ شاہی خاندان حقیقت میں بہت محظوظ ہوا۔ (نادیہ ٹامسن، لیورپول، انگلینڈ)
2) میں ملکہ سے 2000 میں ملی۔ میں نے ان کو اپنے لان سے توڑے ہوئے مٹر دیے۔ ملکہ نے میرا شکریہ ادا کیا اور پرنس فلپ نے مجھے آنکھ ماری۔ (جیمز ٹاؤنسن، پریسٹن، انگلینڈ)
3) میں پورٹ سمتھ میں ایسٹر کی پریڈ میں ملکہ سے ملی۔ میں نے ان کو سب سے بڑا ایسٹر کا انڈا دیا اور انھوں نے مجھ سے پوچھا کہ کیا اس میں جواہرات بھی ہیں۔ مجھے سمجھ نہیں آئی کہ کیا جواب دوں تو میں نے صرف سر ہلا دیا۔ (نتاشا سٹینڈلی، پورٹ سمتھ، انگلینڈ)

4) میں 1976 کے اولمپکس میں آنرگارڈ کا حصہ تھی اور میری ملاقات ملکہ سے ہوئی۔ میرے پاس کیمرا نہیں تھا اس لیے میں نے اس ملاقات کی تمام تفصیل یاد رکھنے کی کوشش کی۔ جب میری ڈیوٹی ختم ہوئی تو میں اپنے کوارٹر میں واپس گئی۔ میرے بستر پر ایک لفافے میں یہ تصویر پڑی تھی۔ مجھے آج تک معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ تصویر کس نے لی اور مجھے دی۔ (پیٹریشیا سارجنٹ، کارلٹن پلیس، کینیڈا)
5) میں چار سال کی تھی اور مجھے اب بھی ملکہ کو پھول دینے کے لیے جھکنے کی مشق کرنا یاد ہے۔ (جیسیکا میولٹ، پلیمتھ، انگلینڈ)
6) میں صرف ملکہ عالیہ سے دو فٹ کے فاصلے پر تھا اور میں نے ان کی جانب اشارہ کیا اور چیخا ’او مائی گاڈ، یہ تو ملکہ ہیں!‘ (مارک ملک، لندن، انگلینڈ)
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

7) لِن شرمن (بائیں سے چوتھی گہرے رنگ کا کوٹ پہنے) کی ملاقات ملکہ سے اس وقت ہوئی جب ملکہ نے 1975 میں ایسیکس میں برینٹ وڈ سکول کا دورہ کیا۔ ’مجھے یاد ہے کہ میں ان کی خوبصورتی سے کتنا متاثر ہوئی اور مجھے ان کے جوتے بہت پسند آئے۔
8) میں دس سال کی تھی جب ملکہ نے 1957 میں پیرس کا دورہ کیا۔ مجھے یاد ہے کہ انھوں نے نیلے رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا اور سر پر ہیٹ تھا جو سوئمنگ کرتے وقت پہنے جانے والی ٹوپی سے مشابہت رکھتا تھا۔ (ایلن روجر ریولی، پیرس، فرانس)
9) میں ملکہ اس وقت ملا جب میں رائل ایئر فورس بیس میرہم میں تعینات تھا۔ میرے والدین نے ان کے ہمراہ کھانا کھایا۔ بظاہر وہ آہستہ کھاتی ہیں کیونکہ جب وہ کھانا کھا لیتی ہیں تو سب کچھ اٹھا لیا جاتا ہے۔ (برنی ڈیورانٹ، ایسٹ گرنسٹیڈ، انگلینڈ)

10) مجھے یاد ہے کہ ملکہ کی سکیورٹی میں سے ایک اہلکار نے مجھے رکاوٹوں سے اوپر کیا تاکہ میں ملکہ سے مل سکوں (سبز سویٹر اور پونی ٹیل)۔ میں اتنا خوش تھی! ملکہ نے مجھ سے مصافحہ کیا اور پھول دینے پر شکریہ ادا کیا۔ (کیرولن برٹن، اینگلیسی، وہیلز، انگلینڈ)
11) میں تین یا چار سال کی تھی۔ میں نے ملکہ کو پھول دیے۔ میری والدہ نے مجھے ڈانٹا کیونکہ میں پھول پیش کرتے وقت جھکی نہیں لیکن میں نے اپنی والدہ سے کہا کہ میں نے ڈانگری پہن رکھی تھی جس کے باعث میں جھک نہیں سکی۔ (ہیدر ایمرٹن، بورنمتھ، انگلینڈ)
12) میں لبرٹی بیل دیکھنے پینسلوینیا گیا تھا۔ ایک مرد جس کے کان میں ایئر فون لگا ہوا تھا وہ میرے پاس آیا اور مجھ سے درخواست کی کہ میں وہاں سے چلا جاؤں کیونکہ ملکہ لبرٹی بیل دیکھنے آ رہی ہیں۔ میں بڑا حیران ہوا اور سڑک کے کنارے گیا۔ اسی وقت جہاں میں کھڑا تھا ایک لیموزین آ کر رکی۔ ملکہ میرے بالکل ساتھ کھڑی تھیں۔ (روبرٹ ایلڈرج، فلوریڈا، امریکہ)
13) مجھے بتایا گیا تھا کہ جب ملکہ آپ سے بات کر رہی ہوں تو آپ ملکہ کی جانب نہیں دیکھتے لیکن مجھ سے جب وہ بات کر رہی تھیں تو مجھ سے ان کی جانب دیکھنے سے رہا نہیں گیا۔ (ہینری تیووا، ویناتواتو)

14) میں 16 سال کا تھا جب میں ملکہ کی 25 ویں سالگرہ پر ان سے ملا۔ وہ ہل مارکیٹ میں تھیں۔ میں ہمیشہ ان کو یہ تصویر بھیجنا چاہتا تھا لیکن بھیج نہیں سکا۔ (جیف کمپ، ہل، انگلینڈ)
15) کینیڈا کے شہر اونٹاریو سے تعلق رکھنے والی جو این منڈٹ 80 کی دہائی میں ٹورنٹو میں ہونے والے ایک ڈانس شو میں رقص کر رہی تھی جب وہ ملکہ سے ملیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شو کے بعد پرنس فلپ نے ان کو سوٹ کیس میں ڈال کر انگلینڈ لے جانے کی پیش کش کی!
16) میرگم ایبے میں 400 مہمانوں کے ہمراہ مجھے ملکہ نے چائے پر مدعو کیا۔ وہ کافی تھکی ہوئی داخل ہوئیں لیکن میری طرف دیکھتے ہوئے مسکرائیں۔ (میگن، چیشائر، انگلینڈ)

17)ایڈنبرا کے ہسپتال سینٹ کولمبیا ہسپتال میں نرسنگ سٹاف میں سے مجھے ملکہ کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرنے کے لیے چنا گیا۔ سٹاف کے لیے یہ بہت بڑی بات تھی لیکن اس سے بھی زیادہ مریضوں کے لیے تھی کیونکہ تمام ہی مریض قریب المرگ تھے۔ (ہیدر رینلڈز، ایڈنبرا، سکاٹ لینڈ)
18) میری ملکہ کےساتھ ملاقات ایک نجی محفل میں ہوئی۔ بکنگھم پیلس میں بیٹھ کر ان کے ساتھ بات کرنا بہت دلچسپ تھا۔ ان کو میری رجمنٹ کیلگری ہائی لینڈرز میں حقیقی دلچسپی تھی۔ (رس میڈز، وکٹوریا، کینیڈا)
19) سنہ 1977 میں برٹن ٹرین سٹیشن پر ملکہ کی آمد پر ہم نے سٹیوی ونڈر کا ’Isn't She Lovely‘ گانا گایا۔ وہ ہمارے پاس رکیں اور ہم سے کہا کہ ہم بہت اچھا گنگناتے ہیں۔ (ایڈ، انگلینڈ)
20) 1959 میں ہم مسکوکا ندی پر واقع اپنے مکان سے کینیڈا کے دورے پر آئے ملکہ اور پرنس فلپ کو دیکھنے کے لیے نکلے اور ہائی وے پر پہنچے۔ مجھے یاد ہے کہ ملکہ برطانیہ نے ادھر سے گزرتے ہوئے ہاتھ ہلایا۔ (ایلوینا کیمبل، ٹورنٹو، کینیڈا)

21) ہر ایک ملکہ کے ساتھ سیلفی نہیں لے سکا۔ لیکن ڈربی شائر کے علاقے چیٹ سورتھ میں ایلیئٹ ملکہ کے ساتھ سیلفی لینے میں کامیاب رہے۔
22) مانچسٹر میں پانچ سالہ اینا پاول کا کہنا ہے کہ 1985 میں وہ اپنے والدین کے ساتھ ونزرگریٹ پارک میں سیر کرتے ہوئے ملکہ سے تقریباً ٹکرانے والی تھیں۔
23) سنہ 2000 میں روزی ایٹکنز ملکہ سے چیلسی فلاور شو میں ملیں۔ میری جیب میں کسی سے مانگا ہوا موبائل فون بجا اور ملکہ نے مجھ سے کہا ’بہتر ہے کہ فون سن لو، ہو سکتا ہے ضروری فون ہو۔‘
24) میں گرلز گائیڈ میں تھی جب ملکہ سے ملی۔ انھوں نے مجھ سے پوچھا ’آپ کے پاس کتنے بیج ہیں؟‘ میں بالکل پریشان ہو گئی اور جواب دیا ’بہت سے! میرے پاس کئی بیج گھر پر بھی پڑے ہیں۔‘ یہ تاریخ کا سب سے غلط جواب تھا۔ (ایرن جیکسن، ڈمفریز، سکاٹ لینڈ)

25)میں نے جب ملکہ سے کہا کہ میں نے ان کو بارہ سنگھے پر سواری کرتے ہوئے پینٹ کیا ہوا ہے تو وہ مسکرائیں اور کہا ’بہت دلچسپ۔‘ (چارلز پیشٹر، ٹورنٹو، کینیڈا)
26) انگلینڈ سے امریکہ واپسی پر امیگریشن آفیسر نے مجھ سے پوچھا کہ کیا ملکہ سے ملاقات ہوئی۔ میں نے جب جواب دیا کہ ’ہاں‘ تو وہ حیران رہ گیا۔ افسر نے مجھے کہا کہ انھوں نے اس قطار میں ہر ایک مسافر سے یہ سوال کیا اور میں پہلی تھی جس نے اثبات میں جواب دیا ہے۔ (کیرل ولیئمسنی پینسلوینیا، امریکہ)
27) میں ملکہ سے اس وقت ملی تھی جب میں لانیلی گرامر سکول میں پڑھا رہی تھی۔ میں ان کے بہت قریب کھڑی ہوئی تھی اور مجھے بڑی حیرت ہوئی کہ وہ میرے جتنے قد کی ہی تھیں۔ یعنی اتنی لمبی نہیں ہیں۔ (پامیلا ایونز، سوانسی، ویلز)
28) ہمیں بتایا گیا تھا کہ اگر ملکہ رک کر بات کرتی ہیں تو ان کو ’Mam‘ یا ’Your Majesty‘ کہہ کر مخاطب کرنا۔ ملکہ میری طرف آئیں اور انھوں نے مجھ سے پوچھا ’فوج میں کتنے عرصے سے ہو؟‘ تو میں نے جواب دیا ’تین سال سے سر!‘ (کینی اوون، فیس بک کے ذریعے)

29) امریکی ریاست ورجینیا کے شہر جیمز ٹاؤن میں میں نے ملکہ کو آرکیریئم میوزیئم کا دورہ کرایا۔ جب میری جھک کر ان کا خیر مقدم کی تصویر چھپی تو مجھے ایک خط لوئزیانا سے موصول ہوا۔ ایک امریکی کافی نالاں تھا کہ میں نے امریکی ہوتے ہوئے بھی ’برطانوی ملکہ‘ (Brit Queen) کا جھک کر استقبال کیا۔ (بلائی سٹروب)
30) ملکہ برطانیہ برونائی دارالسلام کے دورے پر آئی تھیں۔ واپسی پر میں نے ان کو سلطان سے کہتے ہوئے سنا ’اچھا تو خداحافظ، کبھی لندن آنا ہوا تو ضرور ہماری طرف چکر لگانا۔‘ (رچرڈ ہاربرڈ، نورفوک، انگلینڈ)
31) ڈبلن سے تعلق رکھنے والے جیک ارون ملکہ سے اس وقت ملے جب وہ آئرلینڈ کے دورے پر 2011 میں آئیں۔ ’انھوں نے مجھے پڑھائی کے بارے میں گڈ لک کہا جبکہ ڈیوک مزاحیہ کمنٹری کرتے رہے۔‘

32) میں ملکہ سے ملاقات کے لیے بالکل تیار نہیں تھا۔ مجھے صرف ایک ہی کوٹ ملا جس میں سوراخ تھے۔ میرے خیال میں یہ میرے حق میں گیا کیونکہ انھوں نے طلبا میں سے صرف مجھ سے بات کی! (جیمز ایلن، مانچسٹر، انگلینڈ)
33) کیا آپ ملکہ سے جھوٹ بول سکتے ہیں؟ سینٹ اولبنز کے پال ہرمن کو اس مشکل سوال کا سامنا کرنا پڑا۔ ’ملکہ نے مجھ سے پوچھا کہ آیا جو پھول میں نے ان کو پیش کیا ہے وہ میرے لان کا ہے۔ وہ پھول مجمعے میں سے کسی نے مجھے ملکہ کو پیش کرنے کے لیے دیا تھا۔ کیا میں ہاں بول کر ملکہ سے جھوٹ بولوں؟ کیونکہ بصورت دیگر مجھے ان کو بتانا پڑے گا کہ میں ان کے لیے کچھ نہیں لایا۔







