تکیوں کی لڑائی میں 30 امریکی فوجی زخمی

عسکری اکیڈمی میں تکیوں سے کی جانے والی لڑائی سنہ 1897 کے بعد سے ہر سال منعقد کی جاتی ہے

،تصویر کا ذریعہWest Point

،تصویر کا کیپشنعسکری اکیڈمی میں تکیوں سے کی جانے والی لڑائی سنہ 1897 کے بعد سے ہر سال منعقد کی جاتی ہے

امریکہ کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ملک کی نامور فوجی اکیڈمی میں موسم گرما کے تربیتی پروگرام کے اختتام کے موقعے پر تکیوں سے ہونے والی لڑائی میں کم سے کم 30 فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ تکیوں میں موجود کسی سخت چیز کی وجہ سے اس لڑائی کے دوران کم سے کم 24 فوجی بے ہوش ہو گئے۔

لڑائی کے دوران ایک فوجی کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے اور کئی فوجیوں کے کندھے اتر گئے ہیں۔

امریکہ میں عسکری تربیت گاہ ویسٹ پوائنٹ اکیڈمی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی فوجی بہت شدید زخمی نہیں ہوا ہے اور تمام کیڈٹ اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

گذشتہ ماہ اگست میں ہونے والے اس واقعے کی تفصیلات امریکی روزنامے نیویارک ٹائمز میں شائع کی گئی ہیں۔

اخبار کے مطابق تکیے سے ہونے والی لڑائی کی ویڈیو انٹرنیٹ پر جاری کی گئی ہے۔ جس میں بعض کیڈٹوں نے ہیلمٹ اور آہنی جیکٹس پہن رکھی ہیں۔

20 اگست کو ہونے والی اس لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہیں لیکن ویسٹ پوائنٹ اکیڈمی نے واقعے کی تصدیق اُس وقت تک نہیں کی جب تک یہ اخبار میں شائع نہیں ہوا۔

مریکہ میں عسکری تربیت گاہ ویسٹ پوائینٹ اکیڈمی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی فوجی بہت شدید زخمی نہیں ہوا ہے
،تصویر کا کیپشنمریکہ میں عسکری تربیت گاہ ویسٹ پوائینٹ اکیڈمی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی فوجی بہت شدید زخمی نہیں ہوا ہے

موسم گرما میں تربیتی پروگرام کے اختتام پر رات میں تفریحی مقصد کے لیے یہ پروگرام منعقد کیا جاتا ہے لیکن رواں سال ہونے والا یہ مقابلہ ضرورت سے زیادہ ہی پرجوش ہو گیا جس میں تکیوں کے اندر سخت چیزیں جیسے ہیلمٹ وغیرہ بھر دی گئی تھیں۔

نیویارک ٹائمز نے ویسٹ پوائنٹ اکیڈمی کے ترجمان کے حوالے سے لکھا ہے کہ ’ویسٹ پوائنٹ کیڈٹوں کی زندہ دلی کو پسند کرتا ہے اور اپنے کیڈٹوں کے زخمی ہونے پر افسردہ بھی ہے۔‘

’ہم زخمی ہونے کے واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔‘

ابھی تک اس واقعے پر انضباطی کارروائی نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی ہر سال منعقد ہونے والی تکیوں کی لڑائی کو ختم کرنے کا ارادہ ہے۔

عسکری اکیڈمی میں تکیوں سے کی جانے والی لڑائی سنہ 1897 کے بعد سے ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔