امریکی فوج کی ویب سائٹ پر ہیکرز کا حملہ

،تصویر کا ذریعہEPA
امریکی فوج نے اپنی ویب سائٹ ہیک ہونے کے باعث اس کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ان کی ویب سائٹ thearmy.mil کو ہیک کیا گیا جس کے باعث حفاظتی طور پر اس ویب سائٹ کو بند کردیا گیا ہے۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یہ قدم اس لیے لیا گیا ہے کہ ویب شائٹ کو مزید نقصان نہ ہو سکے اور اس میں سے معلومات نہ چرائی جا سکیں۔
امریکی فوج کی ویب سائٹ کو ہیک کرنے کی ذمہ داری شام کے صدر بشار الاسد کے حامی گروہ سیریئن الیکٹرنک آرمی نے قبول کی ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے ہفتے امریکہ نے کہا تھا کہ چینی ہیکروں نے وفاقی حکومت کے کمپیوٹرز کو ہیک کرنے کی کوشش کی تھی جس میں 40 لاکھ سرکاری ملازمین کی معلومات کے چوری ہونے کا خدشہ ہے۔
تاہم چین نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے اس کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا تھا۔
امریکی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل میلکم فروسٹ نے پیر کو کہا ’فوج نے حفاظتی اقدامات کے تحت ویب سائٹ بند کردی تاکہ اس میں سے معلومات چوری نہ کی جاسکیں۔‘
واشنگٹن میں بی بی سی کے نامہ نگار گیری او ڈوناہیو کا کہنا ہے کہ army.mil ویب سائٹ امریکی فوج کی اہم ویب سائٹ ہے اور اس کو بند کرنے میں بڑی شرمندگی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پانچ ماہ قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے یو ٹیوب اور ٹویٹر اکاؤنٹس کو عارضی طور پر بند کیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا تھا کہ یہ قدم اس لیے اٹھایا گیا ہے کہ ان اکاؤنٹس کو سائیبر شرانگیزی کا نشانہ بنایا گیا اور ان پر دولت اسلامیہ کے حق میں پیغامات شائع کیے گئے تھے۔







